بلدیاتی اداروں میں خواتین کی33فیصد نمائندگی کم کی گئی،راضیہ نوید

بلدیاتی اداروں میں خواتین کی33فیصد نمائندگی کم کی گئی،راضیہ نوید

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر راضیہ نوید نے کہا ہے کہ ن لیگ نے ڈسٹرکٹ چیئرمین یا میئر کے لئے کسی خاتون کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیا۔ اٹک ضلع کی چیئرمین ایمان وسیم کا تعلق ق لیگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی چیئرمین فوزیہ خالد وڑائچ آزاد حیثیت میں منتخب ہوئیں۔ نواز لیگ نے خواتین کے آئینی و پارلیمانی کردار کو دل سے قبول نہیں کیا۔ بلدیاتی اداروں میں خواتین کی نمائندگی کو 33 فیصد سے کم کیا گیاجو خواتین کو قومی سیاسی دھارے سے باہر رکھنے کی ایک شعوری کوشش ہے ۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے ضلعی سیکرٹریٹ میں شعبہ خواتین کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر عوامی تحریک خواتین ونگ کی مرکزی ضلعی و تحصیلی رہنماؤں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ راضیہ نویدنے کہا کہ نواز لیگ نے پنجاب اسمبلی کی ممبر خواتین کو بھی مرد اراکین اسمبلی کی طرح فنڈز دیے اور نہ انہیں قانون سازی کے عمل میں شریک کیا۔ گزشتہ 8 سال میں کسی خاتون رکن کے پرائیویٹ قانونی بل کو پاس نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے دباؤ پر جو بلدیاتی ادارے تشکیل دئیے گئے ہیں وہ آئین کے آرٹیکل 140A کے مطابق مالی، سیاسی و انتظامی اعتبار سے بااختیار نہیں ہیں۔ پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کی تشکیل سے پیشتر اختیارات ادارے تشکیل پانے سے قبل ہی چھین لیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری بلدیاتی اداروں کو حقیقی جمہوریت کی خشت اول سمجھتے ہیں مگر موجودہ سول آمرانہ نظام میں بلدیاتی اداروں کو اختیارات سے محروم کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اٹک میں ضلع کونسل کی چیئرمین منتخب ہونے پر ہم ایمان وسیم اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والی فوزیہ خالد و ڑائچ کو مبارکباد پیش کرتی ہیں اور دعا گو ہیں کہ وہ اپنے ضلع کے عوام کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں اور بلدیاتی اداروں کے آئینی اختیارات کے حصول میں اپنا بھرپور سیاسی کردار ادا کرینگے۔انہوں نے کم سن طیبہ کے حوالے سے میڈیکل رپورٹ میں تشدد ثابت ہونے کے بعد پرزورمطالبہ کیا گیا ہے کہ اس تشدد میں ملوث عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ دوبارہ کوئی شخص کسی غریب بچی کو زر خرید غلام سمجھ کر اس کے ساتھ ظلم نہ کر سکے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر