بہاولنگر وائلڈلائف پارک میں ایک نیل گائے، ایک لنگور اور دو بندر وں کا اضافہ

بہاولنگر وائلڈلائف پارک میں ایک نیل گائے، ایک لنگور اور دو بندر وں کا اضافہ

لاہور(نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد ایاز خان نے کہا ہے کہ محکمہ کے اہلکاروں نے ڈسٹرکٹ وائلڈلائف افسربہاولنگر کی سربراہی میں ضلع کے سرحدی علاقوں سے ایک مادہ نیل گائے، ایک نر لنگور اور دو نر بندر پکڑ کر بہاولنگر وائلڈلائف پارک پہنچا دیئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں سرحدی علاقوں میں قائم محکمہ جنگلی حیات کی چیک پوسٹوں کو مزید فعال بنانے کے بارے میں بلائے گئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ہیڈ کواٹرز محمد نعیم بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف پبلسٹی عامر مسعود، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف لاہور ریجن حسن علی سکھیرا کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈی جی جنگلی حیات نے بتایا کہ مادہ نیل گائے چشتیاں ہارون آباد کے سرحدی علاقے، لنگور(نر) بہاولنگر کے سرحدی علاقے 13 ۔ونگ ، ایک نر بندر تحصیل فورٹ عباس جبکہ دوسرا نر بندر بہاولنگر کے سرحدی علاقے سے پکڑا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پکڑے گئے جانوروں سے بہاولنگر وائلڈلائف پارک میں نیل گائے کی تعداد 14 سے بڑھ کر 15 ، لنگوروں کی تعداد 2 سے بڑھ کر 3 ، جبکہ بندروں کی تعداد 14 سے بڑھ کر 16 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لنگور اور بندروں کو پکڑنے میں محکمہ کے اہلکاروں کی مدد کرنے پر رینجرزحکام کے مشکور ہیں۔ خالد عیاض خان نے سرحدی علاقوں کے قریب واقع تمام اضلاع کے افسران کو سر حدی علاقوں میں قائم چیک پوسٹوں کو مزید فعال بنانے اور اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدائت کی ہے۔ انہوں کہا کہ تمام افسران اپنے متعلقہ علاقوں پر کڑی نگاہ رکھیں اور کسی بھی جانور کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کر یں اور اسے پکڑ کر اپنے نزدیکی وائلڈلائف پارک پہنچائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسر ان کسی بھی جانور کے پکڑے جانے کی ہیڈ آفس اطلاع کریں اور کسی دشواری کی صورت میں ان سے فوری رابطہ کریں۔

بہاولنگر وائلڈلائف پارک

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر