تعلیم کے فروغ میں پاکستان نیوی کا کردار اہم ہے ،رانا تنویر حسین

تعلیم کے فروغ میں پاکستان نیوی کا کردار اہم ہے ،رانا تنویر حسین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کا28واں کانووکیشن جمعرات کو بحریہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی کی آمد پر NUSTیونیورسٹی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نوید زمان اور کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل فرخ احمد نے انہیں خوش آمدید کہا۔ کانوو کیشن میں کل 361طلبا کو ڈگریاں دی گئیں جن میں 80طلبا نے ماسٹرزجبکہ 281طلبا نے انجینئر نگ اور مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔ اپنے متعلقہ شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 39 طلبا کو میڈلز بھی تفویض کیے گئے جن میں 20صدارتی گولڈ میڈلز، 6چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈلز، 7چانسلرز سلور میڈلز اور 6 ریکٹر گولڈ میڈلز شامل ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی رانا تنویر حسین نے طلبا کو ان کی پیشہ ورانہ تعلیم کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارک باد پیش کی ۔ انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ 14دیگر دوست ممالک کی بحری افواج کے لیے کوالٹی انجینئرز کی مسلسل فراہمی پر پاکستان نیوی انجینئر نگ کالج کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے تدریسی ادارے اپنے طلبا ء میں علمی، پیشہ ورانہ، اخلاقی اور ذہنی و جسمانی صلاحیتیں اجاگر کرنے پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے انجینئرنگ کی تعلیم کے فروغ میں NUSTکے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف حاصل کرتے ہوئے ایک اہم تدریسی ادارے کے طور پر ابھر رہی ہے جس کی پوری توجہ ٹیکنالوجی، جدت اور معاشرتی خدمت پر مرکوز ہے۔ مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں ٹیکنالوجی اور تحقیق کے کلچر کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کالج کے کمانڈنٹ رئیر ایڈمرل ڈاکٹر نصر اکرام نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ PNECکے 33گریجویٹس چین میں ملازمت حاصل کرچکے ہیں جنہیں پیشہ ورانہ ترقی اور تربیت کے لیے چین بھیجا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ QSورلڈ یونیورسٹی رینکنگ نے NUST کو دنیا کی 100بہترین جامعات میں شامل کیا ہے۔ HECکی 2015کی رینکنگ کے مطابق NUSTپہلے نمبر پر ہے جبکہ BRICS ) برازیل،روس،بھارت، چین اور جنوبی افریقہ)کے مطابق بھی اس کا شمار ایشیا کی 20بہترین جامعات میں ہوتا ہے۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر افسران اور طلبا کے والدین اور عزیز واقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر