واٹربورڈ نے غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف آپریشن تیز کردیا

واٹربورڈ نے غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف آپریشن تیز کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) واٹربورڈ سپریم کورٹ کے احکامات پر غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف اپنا آپریشن تیز کررہا ہے ،پیر آباد تھانہ کی حدود میں زیر زمین پانی کے ہائیڈرنٹ کے خلاف کارروائی دو ملزمان گرفتار ،ٹینکر جنریٹر اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا ،تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر سیشن جج ویسٹ نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف آپریشن کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس طلب کیا ،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ویسٹ ایس ایس پی ویسٹ چیف سیکورٹی آفیسر واٹربورڈ میجر (ریٹائرڈ) محمد نواز گوندل اور ایگزیکٹیو انجینئر آصف قادری کے علاوہ دیگر نے شرکت کی ،اجلاس میں سیشن جج ویسٹ نے ایڈیشنل سیشن جج سہیل جبار ملک کو ہدایت کی کہ غیرقانونی ہائیڈرنٹ کے خلاف کارروائی کو مزید تیز کیا جائے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو 25جنوری تک ختم کردیا جائے ،سیشن جج ویسٹ کی ہدایت پر واٹربورڈ کے چیف سیکورٹی آفیسر نے واٹربورڈ کے خصوصی ڈسکنکشن اسکواڈ کو تیار رہنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ اس سلسلے میں پولیس فورس کی دستیابی کیلئے متلعقہ پولیس اسٹیشن سے رابطہ کرلیا ہے ،مزید برآں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیر آباد پولیس نے منگھوپیر کے علاقہ میں قائم زیر زمین پانی کے ایک غیرقانونی ہائیڈرنٹ پر چھاپہ مارا اور پانی کی غیرقانونی فروخت میں ملوث دو ملزمان جمشید شاہ اور محمد سہیل کو گرفتار کرلیا ہے ،پولیس نے اس دوران ایک ٹینکر ،جنریٹر سمیت دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا ہے ،واٹربورڈ نے پیر آباد تھانہ میں گرفتار ملزمان کے خلاف دفعہ430 کے تحت مقدمہ درج کرادیا ہے

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر