سانحہ بلدیہ کیس ،حماد صدیقی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا حکم

سانحہ بلدیہ کیس ،حماد صدیقی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گرد ی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری میں ملوث مفرور ملزم حماد صدیقی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ جمعرات کو انسدادہشتگردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ بلدیہ فیکٹری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں کیس کے مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا اور زبیر عرف چریا کو جیل حکام کی جانب سے پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر کی جانب سے ضمنی چالان جمع کرانے کی مہلت طلب کی گئی ۔بعدازاں عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر کیس کا ضمنی چالان جمع کرانے کا حکم دیا۔ دوسری جانب عبدالرحمان عرف بھولا کے 164 کے بیان میں روف صدیقی کے کیس میں ملوث ہونے کے انکشافات کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما روف صدیقی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے روف صدیقی کی ضمانت میں 25 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت بھی 25 جنوری تک ملتوی کردی۔ جبکہ عدالت نے ایک بار پھر وزارت داخلہ کو حکم دیاکہ وہ حماد صدیقی کے ریڈوارنٹ جاری کرے۔ سماعت کے بعد رحمان بھولا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کوئی اعتراف جرم نہیں کیا ہے مجھ پر بہت زیادہ دباؤ ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر