سرکاری ملازمین کی تنخواں ہو اور الاوسنسز میں یکساں اضافہ کیا جائے ، حاجی ارشاد

سرکاری ملازمین کی تنخواں ہو اور الاوسنسز میں یکساں اضافہ کیا جائے ، حاجی ...

لاہور( افضل افتخار)کلرک ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ان کو بنیادی حقوق کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ وہ محنت سے ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں ان خیالات کا اظہار آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ( ایپکا) کے مرکزی صدر حاجی محمد ارشاد نے روز نامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر قانون راجہ بشارت سے مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں امید ہے کہ اس کے مستقبل میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے ہم پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ دیگر صوبوں کی طرح پنجاب بھر کے ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنش دینے کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے ہمیشہ کلرکوں کے حقوق کی بات کی ہے، ہماری حکومت سے کوئی دشمنی نہیں ہے ہم تو صرف اور صرف اپنے حقوق کے لئے سڑکوں پر آتے ہیں ہمیں بلاوجہ احتجاج کرنے کاشوق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سول سیکرٹریٹ کی طرز پر پنجاب بھر کے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہیں، ہاؤس ریکوزیشن و یوٹیلٹی الاؤنس یکساں کردئیے جائیں تاکہ پنجاب کے ملازمین بھی اس سے مستفید ہوسکیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ زکوٰۃکے تما م فیلڈ سٹاف کو بھی جلد از جلد ریگولرکیا جائے اور پیڈا ایکٹ 2006 صرف صوبہ پنجاب میں نفاذ ہے دیگر صوبوں کی طرح یہاں پر بھی اس کا خاتمہ کیا جائے اور پنجاب بھر کے ملازمین کو اپنے فرائض احسن طریقہ اورایمانداری سے سر انجام دینے کا بھی بھرپور موقع فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے اپنی آخری سات دنوں میں سیکرٹریٹ کے ملازمین کی تنخواہوں میں پچاس فیصد اضافہ کا اعلان کیا تھا مگر اب تک ملازمین اس سہولت سے ابھی تک محروم ہیں ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس پر فی الفور عمل کیا جائے ۔ارشاد چودھری نے کہا دفاتر میں کلرک ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان پر کام کا بہت زیادہ بوجھ ہوتا ہے اس لئے ان کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جانا چاہیے تاکہ وہ اپنے فرائض کو احسن طریقہ سے سر انجام دیں سکیں۔

حاجی ارشاد

مزید : میٹروپولیٹن 1