ہوزری انڈسٹری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، عامر عزیز
فیصل آباد(بیورورپورٹ) ہوزری انڈسٹری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس سیکٹر نے ہمیشہ ملک کی تعمیر ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔یہ بات فیصل آباد ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عامر عزیز نے پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے شروع کیے گئے گرین پاکستان پروگرام کے تحت 20ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں۔ اور مزید ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔یہ پودے سایہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی سازگار بنائیں گے۔عامر عزیز نے انڈسٹری کے نمائندوں سے درخواست کی وہ شہر میں پودے لگانے کیلئے موزؤں جگہ کا انتخاب کریں تاکہ وہ وہاں پودے لگا کراس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے ملت روڈ اور جھمرہ روڈ پر قائم ناجائزتجاوزات کو ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اُنہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے نے ہمیشہ تاجروں و صنعتکاروں کی تجاویز کو اہمیت دی ہے۔میاں کاشف ضیاء سینئر وائس چےئرمین ،پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (نارتھ زون)نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں بہت زیادہ رہائشی کالونیاں بنانے کی وجہ سے فضائی آلودگی میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جبکہ ہماری انڈسٹری سے متعلق ممبران پہلے سے ہی ماحولیاتی قوانین پر پورا عمل کررہے ہیں۔ اور اس سلسلے میں آپ بھی وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق کلین اینڈ گرین پاکستان پر پورا عمل کر کے ہمارے شہر کو فضائی آلودگی سے پاک کروائیں۔میاں نعیم احمد نے کہا کہ جناح کالونی میں ٹریفک کے مسائل کو حل اور روڈ کے ناگفتہ بے حالت کو درست کیا جائے۔اس پر اُنہوں کہا کہ ہوزری ایسوسی ایشن جناح کالونی کا وفد اس سلسلے میں اُن سے ملاقات کریں اور اپنے مسائل پر پوری بریفننگ دیں ۔
تاکہ اُن کو جلد سے جلد حل کیا جاسکے۔ اس سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون کے سینئر وائس چیئرمین میا ں کاشف ضیاء نے اپنی ایسوسی ایشن کا مختصر تعارف کرایا اور بتایا کہ پی ایچ ایم اے بُنے ہوئے کپڑے کی تیاری اور برآمد کی سب سے بڑی اور منتخب تنظیم ہے۔ پاکستان بھر میں اس کی ممبر کمپنیوں کی تعداد 1600 سے زائد ہے اور اس ایسوسی ایشن کو ملک میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقعے فراہم کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ایم اے کے ممبر سالانہ 3.2 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کماتے ہیں جبکہ ایسوسی ایشن کے دفاتر فیصل آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور سیالکوٹ میں بھی ہیں۔ سوال جواب کی نشست میں سید ضیاء علمدار حسین صدر چیمبر ،محمد امجد خواجہ ،شاہین تبًسم اور شاہد احمد شیخ نے حصہ لیا۔ آخر میں محمد امجد خواجہ نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور صدر چیمبر سید ضیاء علمدار حسین نے معزز مہمان کو پی ایچ ایم اے کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔