حکومت معیشت کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کرے ‘ اشرف بھٹی

حکومت معیشت کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کرے ‘ اشرف بھٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجرا ن کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ بند کمروں میں بیٹھ کر کئے جانے والے فیصلے معیشت کیلئے پہلے سود مند ثابت ہوئے اور نہ آئندہ ان کا مثبت نتیجہ نکل سکتا ہے ،حکومت ساری توجہ اپنی آمدنی میں اضافہ کرنے پر مرکوز کرنے کی بجائے ریلیف دینے کیلئے بھی اقدامات کرے تاکہ معیشت کی سانسیں بحال ہو سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مارکیٹوں کی تاجر تنظیموں کے زیر اہتمام ’’ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیاں‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تاجروں کو درپیش دیرینہ مسائل کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف تجاویز زیر غور آئیں ۔انہوں نے کہا کہ تاجروں پر راتوں رات ٹیکس نافذ کردئیے ہیں لیکن جب مسائل حل کرنے کی بات آتی ہے تو اس طر ف کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔ ٹیکس جمع کرانے والے ادارے ٹیکس دہندگان کو شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور حکومت کی بھی یہی کوشش ہوتی ہے کہ پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر مزید بوجھ ڈالا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منی بجٹ لانے کا اعلان کر چکی ہے جس سے عوام اور تاجروں سمیت ہر طبقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔ منی بجٹ لانے کے اعلان سے پیدا شدہ ذہنی کیفیت میں معاشی مصائب میں اضافہ کرنے والے اقدامات سے گریز کیا جائے ۔ حکومتی اقتصادی ، مالیاتی اور معاشی پالیسیاں عوام اور تاجروں کی امیدوں سے مطابقت رکھیں گی تو ان کے مثبت اثرات بھی نظر آئیں گے۔

مزید :

کامرس -