اے این پی کاخیبر بنک نجکاری کے خلاف عدلیہ سے رجوع کا عندیہ

اے این پی کاخیبر بنک نجکاری کے خلاف عدلیہ سے رجوع کا عندیہ

پشاور ( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی خیبر بنک کی ممکنہ نجکاری کے خلاف عدلیہ سے رجوع کرنے کا عندیہ ظاہر کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ مذکورہ بنک صوبے کی آمدن کا بڑا ذریعہ ہے اور اس کی نجکاری کی بجائے اسے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے،اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا کہ صوبائی حکومت خیبر بنک کی نجکاری کا خیال دل سے نکال دے ، اے این پی صوبے کی آمدن کے اس ذریعے کا بھرپور دفاع کرے گی،انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی کی گزشتہ اور موجودہ حکومت کی غیر ضروری مداخلت نے خیبر بنک کو کمزور کر دیا ہے،اور حکومت اپنی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے اس کی نجکاری پر تلی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ابھی تک خیبر بنک کی160سے زائد برانچوں میں24سو کے لگ بھگ ملازمین مختلف عہدوں پر کام کر رہے ہیں ،انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت اقربا پروری پر عمل پیرا ہے اور پرائیویٹ سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ شیئرز فروخت کرنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہیتاکہ بنک کے اختیارات نجی شعبہ کے پاس چلے جائیں،سردار حسین بابک نے مزید کہا کہ اے این پی خیبر بنک کی نجکاری کسی صورت نہیں ہونے دے گی ،حکومت قومی وسائل سے اپنوں کو نوازنے کا سلسلہ بندکر دے اور بنک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے پی ٹی آئی کے مرکزی عہدیداروں کو کو فوری طور پر فارغ کرے ، انہوں نے کہا کہ خیبر بنک میں غیر ضروری مداخلت ناقابل برداشت ہے حکمران بنک کو کمزور کرنے کی بجائے اس کی مضبوطی کیلئے کام کرے ورنہ اے این پی عدلیہ سے رجوع کرنے کے ساتھ ساتھ ہر اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر