پاک فوج تفریحی سرگرمیوں کیلئے کوشاں ہے ،بریگیڈئیر راؤ عمران
ڈیرہ اسماعیل خان( بیورورپورٹ)عوام کی تفریح کے لیے پاک فوج ،ضلعی حکومت اورریجنل سپورٹس آفیسرانورکمال برکی کے تعاون سے بنددریائے سندھ کے کنارے لیفٹیننٹ عاطف شہیدپارک میں دوروزہ فیملی فیسٹول کاافتتاح اسٹیشن کمانڈربریگیڈئیرراؤعمران سرتاج ،ضلع ناظم نوابزادہ عزیز اللہ خان علیزئی اورریجنل سپورٹس آفیسرانورکمال برکی نے کیا۔ اس رنگارنگ فیملی فیسٹول میں مقامی ثقافت کوفروغ دینے کے لیے مختلف سٹالز کاانعقادکیاگیا ۔ آرٹ اینڈپینٹنگ ، کھیل اورموسیقی کے پروگرامزفیسٹول کا حصہ ہیں ۔ اس فیسٹول میں اسلام آبادکے بینڈکے علاوہ مقامی اوردیگرعلاقوں کے فنکاراپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ اس موقع پراسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیرراؤعمران سرتاج ،ضلع ناظم عزیزاللہ علیزئی نے مختلف سٹالوں کادورہ کیا۔فیسٹول میں ڈپٹی اسٹیشن کمانڈرکرنل محمدعاقب کے علاوہ مختلف اداروں کے سربراہان اورخواتین ، بچوں اورنوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے اسٹیشن کمانڈربریگیڈئیرراؤعمران سرتاج نے کہاکہ پاک فوج عوام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عوام کومثبت سرگرمیوں کے لیے تفریح کے مواقع بھی فراہم کرنے میں پیش پیش ہے جس کا مقصدنوجوان نسل کومثبت سرگرمیوں کے حوالے سے حوصلہ فراہم کرناہے ۔ ضلع ناظم عزیز اللہ علیزئی نے کہاکہ ضلعی حکومت علاقے میں ثقافتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ نوجوان نسل ملک کا سرمایہ ہے ۔ پاک فوج کے تعاون سے کھیلوں اورعلاقائی ثقافت کو اجاگرکرنے کے لیے مقامی فنکاروں کوآگے لانے کے لیے ضلعی حکومت ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ریجنل سپورٹس آفیسرانورکمال برکی نے کہاکہ فیملی فیسٹول 13جنوری 2019تک جاری رہے گااوراس کو کامیاب بنانے کے حوالے سے ریجنل سپورٹس دفتر نے انتظامات مکمل کررکھے ہیں۔