سعودی عرب نے پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی نوید دیدی

سعودی عرب نے پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی نوید دیدی

گوادر(بیورورپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزیر توانائی کی سربراہی میں آنیوالے وفد نے پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرما یہ کاری کا اعلان کیا ہے۔سعودی عرب سے اعلیٰ سطح کا وفد سعودی وزیر توانائی، صنعت اور معدنی وسائل خالد بن عبدالعزیز کی قیادت میں گزشتہ روز گوادر پہنچا جہاں وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان اور وزیرپورٹ و شپنگ علی زیدی نے گوادر ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔سعودی وزیر کی سربراہی میں وفد کو چائنا بزنس کمپلیکس میں بریفنگ دی گئی جبکہ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی نے سعودی وفد کو گوادر پورٹ اور ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔اس موقع پر شہزادہ خالد بن عبدالعزیز نے کہا سعودی عرب پاکستان میں تا ریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان اور سعودی عرب خطے کے امن اور استحکام کیلئے اہمیت کے حامل ممالک ہیں، گوادر پو ر ٹ ایک اہم خطے میں واقع ہے، پاکستان، چین اور سعودی عرب کی دوستی اور باہمی اشتراک عالمی مثال ہوگا۔اس موقع پروفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا تھا سعودی عرب کی شمولیت سے سی پیک منصوبے کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔ پاکستان میں زراعت کے شعبے میں سر ما یہ کاری کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں لہٰذا سعودی عرب کو پاکستان میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب گوادر میں آئل سٹی کے قیام کیلئے اگلے ماہ معاہدے پر دستخط کریں گے۔

سعودی نوید

مزید : صفحہ اول