گوجرنوالہ حافظ آباد ،وزیراعلیٰ کے ہنگامی دورے ،عوامی شکایت اور کرپشن پر اعلیٰ افسر تبدیل
گوجرانوالہ/حافظ آباد(بیورورپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گوجرانوالہ اورحافظ آباد کے ہنگامی دوروں میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز، ٹیچنگ ہسپتال،گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر،ماڈل پولیس سٹیشن ماڈل ٹاؤن اور گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی کا دورہ کیاجبکہ شہر کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اورصفائی کی ابتر صورتحال اورفرائض سے غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں سابق دور میں ہونے والی کرپشن کی شکایات پر ڈائریکٹر جنرل گو جرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو معطل کرنے کا حکم دیا اورکرپشن کی شکایات کی انکوائری وزیراعلی معائنہ ٹیم سے کرانے کا اعلان کیا ۔وزیراعلیٰ نے ٹیچنگ ہسپتال کے دورے اورسرکٹ ہاؤس میں منعقد ہ اجلاس کے دوران ہیلتھ کےئر کے حوالے سے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جبکہ واسا میں ماضی کے دور میں ہونے والی کرپشن کی شکایات کی انکوائری وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم سے کرانے کا اعلان کیا ۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان اور ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گوجرانوالہ میں یادگار شہداء پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گوجرانوالہ میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ ٹراما سینٹر، گائنی وارڈ، ان ڈور وارڈز اور مختلف شعبو ں میں گئے۔ وزیراعلیٰ نے زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے بعض مریضوں کی جانب سے بروقت چیک اپ نہ کرنے کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے علاج معالجے کیلئے ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے ماڈل ٹاؤن گوجرانوالہ میں قائم ماڈل پولیس سٹیشن کا بھی دورہ کیا اور پولیس سٹیشن کے مختلف شعبے دیکھے۔ وزیراعلیٰ نے حوالات میں موجود ملزمان سے بھی گفتگو کی اور پولیس سٹیشن کا روزنامچہ چیک کیا۔ وزیراعلیٰ نے کانفرنس روم اور لیڈیز سٹاف روم کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پولیس حکام کو ہدایت کی کہ پولیس مظلوم کا ساتھ دے اور ظالم کا ہاتھ روکے۔ پولیس اچھا کام کرے گی تو شاباش ملے گی اور میں اچھے کام پر پولیس کی حوصلہ افزائی کروں گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف لیدر ٹیکنالوجی گوجرانوالہ پہنچے۔ انہوں نے ادارے کے مختلف شعبوں اور لیبارٹریز کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو اس موقع پر ادارے میں کرائے جانے والے ڈپلومہ اور کورسز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت سرکٹ ہاؤس گوجرانوالہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور ٹکٹ ہولڈرزنے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے معذور افراد میں وہیل چیئرز بھی تقسیم کیں اورمعذور افراد سے شفقت کا اظہار کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ حافظ آباد گئے اورانہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال حافظ آباد کا دورہ کیااور ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خاں،ڈپٹی کمشنر نویز شہزاد مرزا،ڈی پی او ساجد کیانی،اے ڈی سی آر آمنہ رفیق،اے ڈی سی جی نعیم اللہ بھٹی،اے سی حافظ آبادعباس ذوالقرین،اے سی ایچ آر ایم عمر فاروق وڑائچ،اے سی پنڈی بھٹیاں اعتزاز اسلم مارتھاور تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد کا دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ مختلف بیرکس میں گئے اور قیدیوں سے ان کے مسائل پوچھے۔وزیراعلیٰ نے قیدیوں کیلئے تیار کئے جانے والا کھانا کھا کر اس کا معیار چیک کیا۔وزیراعلیٰ نے کچن میں کھانے کی تیاری کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے جیل ملازمین سے بھی ان کے مسائل پوچھے اوران کے حل کی یقین دہائی کرائی۔
وزیراعلیٰ پنجاب