ڈیرہ‘ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن ‘ میپکوٹیم پر فائرنگ ‘ تین اہلکار اغواء

ڈیرہ‘ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن ‘ میپکوٹیم پر فائرنگ ‘ تین اہلکار اغواء

ملتان (سٹا ف رپورٹر)وہوا ڈی جی خان میں بجلی چور صارف نے آپریشن کے لئے جانے والی ٹیم پر فائرنگ کردی ۔ ٹیم کو یرغما ل بناکر محصور کرلیا ۔تین میپکو اہلکاروں سے سرکاری ریکارڈ، موبائل فون چھین لئے ۔بوگس میٹر بھی قبضہ میں لے لیا ۔تفصیل کے مطابق انچارج سرکل سرویلنس ٹیم(بقیہ نمبر29صفحہ12پر )

ڈی جی خان کریم نواز، لائن سپریٹنڈنٹ فرسٹ منظوراحمد گورمانی، لائن مین فرسٹ عبدالعزیزاور ضیاء اللہ ٹبی قیصرانی میں ٹیوب ویل کنکشن میٹر اکاؤنٹ نمبر 29-15263-0673716چیک کرنے کے لئے پہنچے تو موقع پر ٹیوب ویل کنکشن بنام ماجد علی بوگس میٹر لگاکر بجلی چوری کا مرتکب پایاگیا ۔ ٹیم نے کنکشن منقطع کرنے اور نصب شدہ بوگس میٹر اتارنے کی کوشش کی تو صارف ماجد علی سیخ پاہوگیا اور کنکشن کاٹنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں بلکہ ساتھ ہی کھڑی کار سے کلاشنکوف نکالی اور ٹیم کے ارکان پر سیدھی فائرنگ کردی ، خوش قسمتی سے فائر کسی اہلکار کو نہ لگا ۔ بعدازاں بجلی چور نے گن پوائنٹ پر تینوں اہلکاروں کو یرغما ل بناکر اپنی کار میں محصور کرلیا اور جائے وقوعہ سے دور ویرانے میں لے گیا ۔ سرکاری ریکارڈ اور موبائل فون چھین لئے اور ریکارڈنگ ضائع کردی ۔ صارف نے بوگس میٹر بھی اپنے قبضہ میں لے لیا اور اصل میٹر جو کہ صارف کے پاس موجود تھا زبردستی لگوایا ، ٹیم نے منت سماجت کرکے اپنی جان بخشی کروائی اور واپس آئے ۔بجلی چور ماجد علی ولد غلام شبیر کے خلاف تھانہ ریتڑہ میں دہشت گردی ، بجلی چوری اور کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کروادیاگیاہے ۔

بجلی چوری

مزید : ملتان صفحہ آخر