ٹھگز آف پاکستان کی سیریز چل رہی ہے ،زرداری اور نواز شریف نے کاغذی کمپنیاں بنا کر ملک کو لوٹا:فواد چودھری

ٹھگز آف پاکستان کی سیریز چل رہی ہے ،زرداری اور نواز شریف نے کاغذی کمپنیاں بنا ...

جہلم( آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں ٹھگز آف پاکستان کی سیریز چل رہی ہے ، آصف زرداری اور نواز شریف نے کاغذی کمپنیاں بنا کر منی لانڈرنگ کرکے ملک کو لوٹا ،تحریک انصاف کی حکومت نے قرضے لینے کی بجائے تجارت بڑھانے پرزور دیا ، دسمبر میں 4.68فیصد برآمدات بڑھی اور درآمدات 8.88فیصد کم ہوئی ، ایک ماہ میں 540ملین ڈالر مالیاتی خسارہ بہتر ہوا ۔ جہلم میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ملک میں نواز شریف اور آصف زرداری کے خاندانوں کا مافیا بیٹھا ہوا تھا نواز شریف حدیبیہ پیپر ، فلیگ شپ ، ہل میٹل اور العزیزیہ مل کاغذوں میں بنائی ہوئی تھی جس پر کوئی کام بھی نہیں ہورہا تھا اسی طرح آصف زرداری نے اومنی کمپنیاں اور زرداری گروپ آف کمپنیاں بنائی جو صرف کاغذوں تک محدود تھیں ،ان کی سات نسلوں نے آج تک کوئی کام نہیں کیا اور یہ کمپنیاں صرف لوگوں سے کمیشن وصول کرنے کیلئے بنائی گئی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹھگ آف پاکستان کی سیریز چل رہی ہے اور قوم کو بیوقوف بنایا جارہا ہے ہم نے اس مرتبہ ان فنکاروں کو دبایا ہے تو ہر کوئی اٹھ کر کہتا ہے کہ پارلیمنٹ چلانی ہے تو چلو ان سے کچھ لے دے کر نظام چلادو اور کوئی کہتا ہے کہ ہاتھ ڈھیلا رکھو ورنہ سیاست بڑی تلخ ہوجائے گی تو میں ان کو کہتا ہوں کہ اگر لین دین کی پالیسی چلانا تھی تو عمران خان کو وزیراعظم کیوں بنایا تھا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد آدمی ہے جس نے پارٹی کے اندر اور باہر کھڑے ہوکر کہا کہ ہم کسی سودا بازی کیلئے تیار نہیں ہیں اور احتساب اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا اسی لئے چیخیں آسمان تک جارہی ہیں اور اب کبھی جیل میں ہیٹر خراب اورکبھی لندن ڈاکٹر نہ ملنے کے بہانے کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ2018پاکستان میں سیاسی تکمیل کا سال تھا اور ہم نے عمران خان کو وزیراعظم بنایا اوراب 2019ملک کی معاشی تکمیل کا سال ہوگا جب ہم ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرینگے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول