مسلم لیگی کارکنوں کا احتجاج رنگ لے آیا،نواز شریف کو ذاتی معالج سے ملاقات کی اجازت مل گئی

مسلم لیگی کارکنوں کا احتجاج رنگ لے آیا،نواز شریف کو ذاتی معالج سے ملاقات کی ...

لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے نواز شریف کو علاج کی سہولیات نہ ملنے کیخلاف اورقائد سے اظہار یکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل کے باہر مظاہرہ کیا ، احسن اقبال کی قیادت میں تین رکنی وفد نے جیل حکام سے ملاقات کر کے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ،ذاتی معالج ماہر امراض قلب ڈاکٹر عدنان کو سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت دیدی گئی ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طبیعت کی ناسازی اورذاتی معالج سے چیک اپ کی اجازت نہ ملنے پر لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر احسن اقبال،پرویز ملک ،شائستہ پرویز ، علی پرویز ملک ،عظمیٰ بخاری اور دیگر رہنماؤں نے مرد و خواتین کارکنوں کے ہمراہ جیل کے باہر نواز شریف کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے ۔بعد ازاں جیل حکام نے احسن اقبال ، پرویزملک اور کرنل (ر) مبشر جاوید پر تین رکنی وفد کو ملاقات کیلئے مدعو کیا جہاں لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا ۔جیل حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ نواز شریف کو جس طرح کی بھی طبی امداد درکار ہوں گی وہ فراہم کی جائیں گی ۔ نواز شریف کے ذاتی معالج او رماہر امراض قلب ڈاکٹر عدنان کو بھی نواز شریف سے ملاقات کی اجازت دیدی گئی ۔ لیگی رہنماؤں کے جیل سے باہر آنے کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ پارٹی قائدین کو دانستہ طو رپر طبی سہولیات نہیں دی جا رہیں ،یہ جیل قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مشرف کی آمریت کو پاش پاش کیا ،عمران کی سلیکٹڈ حکومت کا مقابلہ کرنا ہمارا بائیں ہاتھ کا کام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی صحت کو کوئی نقصان ہوا تو اس کے ذمہ دار وزیر اعظم ، وزیرا علیٰ، وزیر داخلہ اور جیل سپریٹنڈنٹ ہوں گے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی ایمانداری کا میک اپ اتر چکا ہے اور انہوں نے قوم کے چندے سے بھی دھوکہ کیا ہے ،ڈیم کے نام پر 13ارب کے اشتہار لگا کر 9ارب اکھٹے ہوئے ،بیرون ملک پاکستانی بھی اس حکومت پر اعتماد نہیں کر رہے ، سرمایہ کار یا تو فرار ہو گیا ہے یا انڈر گراؤنڈ جا چکا ہے ،موجودہ حکومت کے دور میں5سے 7لاکھ لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔آرمی چیف کو موجودہ حالات دیکھ کر خود میدان میں اترنا پڑا ہے اور وہ خود تاجروں کو حوصلہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو عالمی سازش کے تحت لایا گیا ہے ، یہ حکومت قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکی ہے ۔ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں تھیں کہ سی پیک آگے بڑھے۔ سپریم کورٹ جے آئی ٹی بنائے جو علیمہ خان کی بیرون ملک جائیدادیں سامنے لائے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول