رینجرز کی کارروائی، گینگ وار کا خطرناک کارندہ فیضوداداگرفتار

رینجرز کی کارروائی، گینگ وار کا خطرناک کارندہ فیضوداداگرفتار

کراچی(کرائم رپورٹر)پاکستان رینجرزسندھ کی انٹیلی جنس ٹیم نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب علی محمد محلہ لیاری میں مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وارغفار ذکری گروپ سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم شہزاد عرف محمد عظیم عرف فیضو دادا کو گرفتار کرلیاہے۔ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم ٹارگٹ کلنگ، قانون نافذ کر نے والے اداروں پر حملے اور بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ملزم کے خلاف بغدادی تھانے میں 25ایف آئی آرز بھی درج ہیں اورحکومت سندھ نے ملزم کے سر کی قیمت 3 لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی۔ ترجمان کے مطابق ملزم نے 2005 میں لیاری گینگ وار غفار ذکری گروپ میں شمولیت اختیار کی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے۔30جون2007کو ملزم نے غفار ذکری گروپ کے کارندوں کے ساتھ مِلکر علی محمد محلہ کے علاقے میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔12 جولائی 2007 کو ملزم نے غفار ذکری کے ساتھ ملکر پولیس پارٹی پر حملہ کیا اور فائرنگ کرکے بغدادی تھانے کے کانسٹیبل ضیاء اللہ کوزخمی کیا۔ملزم 24 جولائی 2007 کو انگارہ مسجد علی محمد محلہ کے قریب ہونے والے پولیس مقابلے میں شریک تھا۔2 فروری 2008 کو لیاری گینگ وار (رحمان گروپ)اور غفار(ذکری گروپ)کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ملزم نے ساتھیوں سمیت پولیس پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے دوران لیاری گینگ وار(غفار ذکری)گروپ کا کارندہ اسماعیل افغانی ہلاک ہوا تھا۔6 مارچ 2008 کو ملزم اور اس کے ساتھیوں نے ایک پولیس APC پر 3 راکٹ فائر کیے اور بعد ازاں فائرنگ کی۔14 اپریل 2008 کو ملزم نے بغدادی پولیس موبائل پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 راہگیر زخمی ہوگئے۔ اِسی دوران لیاری گینگ وار کے حریف گروپوں میں تصادم ہوا جس کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ بھی کی۔7 مئی 2008 کو ملزم اور پولیس کے درمیان مقابلے کے دوران عیدو لین کے علاقے میں 3 شہری جاں بحق اور7 زخمی ہوئے۔ 3جولائی 2008 کو ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مِلکر شاہ عبدالطیف بھٹائی روڈ پر پولیس پر فائرنگ کی۔13 جولائی 2008 کو بغدادی پولیس نے ذکری پاڑہ بغداری کے علاقے میں ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائی کی جس کے دوران ملزم فرار ہوگیا تھا۔23 اگست 2008 کو ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر لیاری گینگ وار ملا لطیف گروپ کے کارندے زاہد کو قتل کیا۔25 اکتوبر 2008 کو ملزم کا شاہ عبدالطیف بھٹائی روڈ پر پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ملزم 18جولائی 2009 کو گن پاٹ جی شاہد ایم سی بی گروپ کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔2009 میں ملزم نے بھتہ نہ دینے پر کریم شاہ کچھی کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ اس کے علاوہ ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مِلکر غفار ذکری کی ہدایت پرایک بلوچ شہری کو بھی قتل کیا۔11 جون 2010 کو پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی کی لیکن ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر