کراچی ،مختلف علاقوں میں بارش سے موسم سردہوگیا

کراچی ،مختلف علاقوں میں بارش سے موسم سردہوگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد شہر قائد کا موسم قدرے سرد ہو گیا،صبح سویرے ہونے والی بارش پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔کراچی میں ملیر، فیڈرل بی ایریا کے بعض علاقوں اور عباس ٹاؤن میں بھی علی الصبح پھوار پڑی جبکہ شہرکے زیادہ ترعلاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے گزشتہ روز کراچی میں بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی، تاہم دن بھر ابر اور دھوپ چھاوں کا سماں رہا، تاہم رات میں ٹھنڈی ہواوں نے شہر کو لپیٹ میں لے لیا اور شہرمیں رات گئے قدرے خنکی بڑھ گئی۔کراچی میں موسم سرما کی پہلی بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور سردی میں بھی معمولی اضافہ ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ 3روز کے دوران ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بوندا باندی سے درجہ حرارت میں کمی آگئی، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد رہا، شمال مشرق سے ہوائیں 11کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا، اتوار سے سردی کی ایک اور لہر آنے کا امکان ہے، سائبرین ہوائیں چلنے سے آنے والے کچھ دن سرد رہیں گے۔