شریف برادران کو نقصان ہوا تو ذمہ دار وزیراعظم ہونگے، احسن اقبال

شریف برادران کو نقصان ہوا تو ذمہ دار وزیراعظم ہونگے، احسن اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر شہبازشریف یا نواز شریف کی صحت کو کوئی نقصان ہوا تو اس کے براہ راست ذمہ دار وزیراعظم ہوں گے،حکومت کے ہتھکنڈوں کا اچھی طرح مقابلہ کرنا جانتے ہیں، عمران کے خاندان کی کرپشن کی داستانیں سامنے آرہی ہیں، حکومت نے دوائیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا اسکی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہفتہ کو کوٹ لکھپت جیل لاہور کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان جعلی مینڈیٹ کے ذریعے پاکستان سے انتقام لے رہے ہیں، مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کارراہ فراراختیارکرچکے ہیں،عمران خان کے خاندان کی کرپشن کی داستانیں سامنے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلے تین سو اور اب پانچ سو ارب کی کٹوتی ہوگی،پانچ سے سات لاکھ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سارا زور انتقامی کارروائیوں پر لگارہی ہے،نوازشریف نے ملک سے اندھیرے ختم کئے۔انہوں نے مزید کہا کہ 13ارب لگاکر 9ارب اکٹھا کیا گیا، انہوں نے چیف جسٹس سے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا جوسیلاب فنڈ کی تحقیق کرے۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت سیلاب فنڈ سے ایک لاکھ مکان کہاں بنائے گی،جعلی مینڈیٹ والے لوگ ن لیگ سے انتقام لے رہے ہیں،ملکی معیشت کو موجودہ دورحکومت میں شدید نقصان ہوا۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، ہم حکومت کے ہتھکنڈوں کا اچھی طرح مقابلہ کرنا جانتے ہیں، شہباز شریف اور نواز شریف کی صحت کو کوئی نقصان ہوا تو اس کے براہ راست ذمہ دار وزیراعظم، سیکریٹری داخلہ اور جیل سپرنٹنڈنٹ ہوں گے۔ حکومت نے دوائیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا اسکی شدید مذمت کرتے ہیں۔