شدید سردی ‘ زائرین کیلئے مناسب رہائش کا بندوبست کیا جائے ‘ سرائیکی رہنما

شدید سردی ‘ زائرین کیلئے مناسب رہائش کا بندوبست کیا جائے ‘ سرائیکی رہنما

ملتان(سٹی رپورٹر)حضرت شاہ رکن عالمؒ کے عرس کے زائرین کو سہولتیں دی جائیں ۔ اگر آج بھی مسئلے حل نہیں ہوتے تو کب ہونگے ؟ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان قومی کونسل کے صدر ظہور دھریجہ ‘ مسیح اللہ خان جامپوری اور عبدالباسط بھٹی نے زائرین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دربار کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی اہم عہدے پر فائز ہیں، صوبائی اور وفاقی حکومت ان کی جماعت کے پاس ہے ، اگر آج بھی مسئلے حل نہیں ہوتے تو پھر تخت لاہور کو کون ذمہ دار ٹھہرائے گا ۔ مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سخت سردی میں زائرین ٹھٹھر رہے ہیں ۔سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ زائرین کے رہائش کیلئے کوئی مناسب انتظام نہیں ہے ، جونہی عرس شروع ہوتا ہے تو گھنٹہ گھر اور دولت گیٹ کے آس پاس موجود تمام تعلیمی ادارے بند کرا دیئے جاتے ہیں اور وہاں زائرین کو بھیج دیا جاتا ہے۔ ایک تو تعلیم کا حرج ہوتا ہے دوسرا وہاں توڑ پھوڑ کی شکل میں درس گاہوں کی انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ زائرین کیلئے رہائش گاہیں تعمیر کی جائیں اور داتا دربار کی طرح زکریا کمپلیکس تعمیر کیا جائے ، قدیم لائبریری کو دوبارہ بحال کیا جائے اور زائرین کیلئے وافر مقدار میں ٹائلٹ تعمیر کئے جائیں ۔

رہنما

مزید : کراچی صفحہ اول