عرس کے پہلے روز کی جھلکیاں

عرس کے پہلے روز کی جھلکیاں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان ( محمد عبداللہ سے )*عرس تقریبات کا آغاز مزار کے غسل سے ہوا ،وفاقی وزیر وسجادہ نشین شاہ محمود قریشی نے غسل دیا ،مرید قریشی ودیگر بھی ہمراہ تھے۔ * زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ، محکمہ اوقاف کی ٹیمیں انتظامات کے لئے مستعد دکھائی دے رہی تھیں۔* عرس کے موقع پر دربار عالیہ کے احاطہ میں زائرین کو پینے کی پانی کی فراہمی کے لئے پانی کی ایک بڑی سبیل کا کیمپ لگادیا گیا ۔* عرس کے موقع پر سٹیج پر ایک بڑی سکرین بھی لگائی گئی جس کی وجہ سے دور بیٹھے زائرین سٹیج پر موجود مقررین کا خطاب سننے میں محو رہے۔*دربار عالیہ حضرت شاہ رکن الدین عالم ؒ ملتانی کے سالانہ عرس مبارک کے پیش نظر دربار عالیہ کی دیوار کے ساتھ محکمہ اوقاف، صحت، ریسکیو، سول ڈیفنس سمیت دیگر مختلف محکموں کے کیمپ بھی لگا ئے گئے ہیں ۔*قومی شاہ رکن عالم ؒ کانفرنس کے دوران زندہ ہے غوث زندہ کے نعرے گونج اٹھے اور زائرین نے اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی کے نام کے بھی نعرے لگائے ۔*دور دراز سے آنے والے زائرین مخدوم شاہ محمود قریشی سے منتوں کے لئے دعائیں کراتے رہے اور ان کے ہاتھ کو بوسہ دیتے رہے،مختلف میٹھی اشیا پر دم کراتے رہے ۔* ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے جبکہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کے داخلی گیٹ اور مزار کے ساتھ واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے جہاں پر سیکیورٹی اہلکار وں نے ز ائرین کی جامعہ تلاشی کے بعد انہیں دربار عالیہ میں جانے کی اجازت دی ۔*تنظیم غوثیہ کے رضا کاروکی کثیر تعداد ڈیوٹی پر موجود رہی ۔*دربار عالیہ کے احاطہ میں قومی شاہ رکن عالمؒ ملتانی کانفرنس میں زائرین کے بیٹھنے کے سلسلے میں اوقاف کی جانب سے بڑے شامیانے اور قناتیں لگائی گئیں ۔* عرس میں خواتین کی کثیر تعداد نے اپنے کمسن بچوں کے ہمراہ شرکت کی*انڈیا سے خلیفہ اسماعیل کی قیادت میں زائرین مردو خواتین کے قافلے نے شرکت کی۔*سالانہ عرس مبارک کے سلسلے میں دربار عالیہ کے ملحقہ تعلیمی اداروں اور حج کمپلیکس میں دور دراز سے آنے والے زائرین کے قیام و طعام کا انتظام کیا گیا ۔*پہلی نشست کی اختتامی دعا سے قبل صلوۃ وسلام بھی پیش کیا گیا ۔*اختتامی دعا شاہ محمود قریشی نے دعا کرائی۔