حکومت 100 روزہ پلان کی ناکامی کے بعد بھی ہوش میں نہیں آئی،ضمنی بجٹ میں قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جائے:سینیٹر سراج الحق

حکومت 100 روزہ پلان کی ناکامی کے بعد بھی ہوش میں نہیں آئی،ضمنی بجٹ میں قیمتوں ...
حکومت 100 روزہ پلان کی ناکامی کے بعد بھی ہوش میں نہیں آئی،ضمنی بجٹ میں قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جائے:سینیٹر سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت 100 روزہ پلان کی ناکامی کے بعد بھی ہوش میں نہیں آئی،حکومت اپنے اقدامات اور رویے سے عوام کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل رہی ہے،حکومت ضمنی بجٹ میں قیمتوں میں اضافہ کرنے کی بجائے کمی کا اعلان کرے ،عام آدمی کی قوت خرید کے ساتھ ساتھ قوت برداشت بھی ختم ہو گئی ہے ،اگر حکومت نے مزید قیمتیں بڑھائیں تو عوام برداشت نہیں کریں گے۔

جماعت اسلامی وسطی پنجاب کی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اب تک معاشی ڈاکومنٹیشن ہے نہ معیشت کی بہتری کا کوئی منصوبہ حکمرانوں کے پاس ہے، ٹیکسوں اور قیمتوں کو بڑھا کر لوگوں کا خون نچوڑنا معاشی منصوبہ بندی نہیں ظلم اور استحصال ہے،جماعت اسلامی کسی ایسے کھیل کا حصہ نہیں بنے گی جس سے کرپٹ اور بددیانت لوگوں کو فائدہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والوں کا ٹھکانہ جیل ہے اقتدار کے ایوان نہیں،موجودہ حکومت ابھی تک احتساب کو موثر بنانے میں ناکام رہی ہے،احتساب اس وقت انقلاب کا ذریعہ بنے گا جب سب کو ایک ہی چھڑی سے ہانکا جائے گا،حکمران ہو یا کوئی وزیر مشیر ، جب تک اپنے آپ کو احتساب سے بالاتر سمجھتے رہیں گے ، احتساب پر اعتراضات اور تحفظات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ  چھ ماہ میں حکومت عوام کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی سے معمولی ریلیف بھی نہیں دے سکی، ڈالر روپے کو روندتا جارہاہے،روپیہ کاغذ کا بے وقعت ٹکڑا بن چکاہے اندرونی و بیرونی سرمایہ کار پریشان ہیں،معیشت کا پہیہ آگے بڑھنے کی بجائے الٹا گھوم رہاہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت کی چھ ما ہ کی کارکردگی پریشان کن ہے،سابقہ حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمران بھی یہی سمجھتے ہیں کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں جس کی وجہ سے ملک آگے کی بجائے پیچھے جارہا ہے ، حکومت سو روزہ پلان کی ناکامی کے بعد بھی ہوش میں نہیں آئی،عوام کے اندر مایوسی مسلسل بڑھتی جارہی ہے ،چینی کی قیمت میں دن بدن اضافہ ہورہاہے،حکومت کا قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں رہا،وزراءاب بھی یہی بیان دے رہے ہیں کہ انہوں نے سٹریٹجی بنالی ہے اب عوام بہت جلد تبدیلی دیکھیں گے مگر عملاً کچھ کرنے کو تیار نہیں ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف تحریک جاری رکھے گی، جب تک لوٹی گئی قومی دولت واپس نہیں آتی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ احتساب شفاف اور غیر متنازعہ ہوناچاہیے اور اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومت کا بھی احتساب ہو ،جماعت اسلامی کسی ایسے کھیل کا حصہ نہیں بنے گی جس سے کرپٹ مافیا کو فائدہ ہو اور کرپشن کے خاتمہ کی تحر یک کو دھچکا پہنچے ۔

مزید :

قومی -