چیف جسٹس اتوار کو عدالتیں نہ لگاتے تو احدچیمہ اورفوادحسن فواد پر مقدمات نہ بنتے:ایاز امیر
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار ایاز امیر نے کہاہے کہ جوہر ٹاﺅن اور مسلم ٹاﺅن والے چیف جسٹس کو یاد رکھیں گے، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا،، فواد حسن فواد اور احد چیمہ پر مقدمات نہ بنتے اگر چیف جسٹس اتوار کو عدالتیں نہ لگاتے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”تھنک ٹینک“ میں گفتگو کرتے ہوئے ایاز امیر نے کہا کہ چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ میں چار دن رہ گئے ہیں اورچھریاں اور استرے تیز کرلئے گئے ہیں، چیف جسٹس کا سب سے بڑا ورثہ یہ ہوگا کہ ان کی جانب سے بہت سے چھتوں میں ہاتھ ڈالا ہے ۔ ان لوگوں کو جن کو چیف جسٹس سے تکلیف پہنچی ، ان کی فہرست بہت لمبی ہے ، خواجہ برادران ، کھوکھر برادران ، پرائیویٹ سکولوں والے ، 55کمپنیاں اور یہ احتساب عدالتوں کے فیصلے یہ سب ا س لئے ہوا کہ کلہ مضبوط تھا ، اگر کلہ مضبوط نہ ہوتا تو یہ فیصلے نہیں آنا تھے ۔
انہوں نے کہا کہ مرد آہنوں کو عدالت میں پیشیاں بھگتنا پڑیں ، ان سے زخمی ہونیوالے کی فہرست بہت لمبی ہے ، فواد حسن فواد اور احد چیمہ پر مقدمات نہ بنتے اگر چیف جسٹس اتوار کو عدالتیں نہ لگاتے ۔ انہوں نے کہا کہ جوہر ٹاﺅن اور مسلم ٹاﺅن والے چیف جسٹس کو یاد رکھیں گے، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا اورچیف جسٹس سجاد علی شاہ کووہاں سے بھگا دیا تھا ۔