سی پیک کی وجہ سے پاکستان کو کسی معاشی مشکل کا سامنا نہیں،پاکستانی عوام اس قومی منصوبے کے نگہبان ہیں :احسن اقبال

سی پیک کی وجہ سے پاکستان کو کسی معاشی مشکل کا سامنا نہیں،پاکستانی عوام اس ...
سی پیک کی وجہ سے پاکستان کو کسی معاشی مشکل کا سامنا نہیں،پاکستانی عوام اس قومی منصوبے کے نگہبان ہیں :احسن اقبال

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام سی پیک جیسے سٹرٹیجک قومی منصوبہ کے نگہبان ہیں،سی پیک کی وجہ سے پاکستان کو کسی معاشی مشکل کا سامنا نہیں،سی پیک کی وجہ سے پاکستان کو توانائی کا بحران حل کرنے میں بڑی مدد ملی، تھرکے کوئلے جیسے معدنی ذخائر سے استفادہ کی راہ ہموار ہوئی.

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تھرکاکوئلہ ستر سال سے زیرزمین موجود ہے جس کی مقدار سعودی عرب اور ایران کے تیل کے ذخائر کے برابر ہے،سی پیک کی بدولت پاکستان کو اشددرکار غیرملکی سرمایہ کاری میسر آئی،اسی منصوبے کی بدولت نہایت مناسب شرائط پر پاکستان میں ٹرانسپورٹ کا جدید ڈھانچہ استوار کرنے میں مدد ملی. احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی ادائیگیوں کے بحران کی وجہ سی پیک ہرگز  نہیں ، ادائیگیوں کے بحران کی وجہ وہ سیاسی ڈرامہ تھا جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اقتدار سے نکالنے کے لئے رچایاگیا،اسی ڈرامے کی وجہ سے ملک میں سیاسی عدم استحکام کی بناءپر غیرملکی سرمایہ کار خوفزدہ ہوگئے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے دور میں جی ڈی پی 6فیصد کی شرح سے بڑھ رہا تھا، توانائی کی قلت کے خاتمے سے بند صنعتیں دوبارہ زندہ ہونے لگی تھیں،بند صنعتوں کے دوبارہ چلنے سے خام مال کی درآمد بڑھی اور بڑے منصوبوں کے لئے مشینری اور پلانٹ کی درآمد کا سلسلہ شروع ہوا ، ہمارے دور میں صنعتوں میں جدت کا رجحان شروع ہوا، انہی عوامل سے درآمدات میں اضافہ ہوا،پاناما ڈرامہ کے نتیجے میں اربوں ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کو پاکستان آنے سے روک دیاگیا.احسن اقبال  نے کہا کہ حکومت میں شامل بعض مفاد پرست عناصر بلاوجہ سی پیک کو متنازعہ بنانے میں مصروف ہیں،قومی مفاد کے منصوبہ جات کو متنازعہ بنانے سے گریز کیاجائے،موجودہ حکمران کو اب معلوم ہورہا ہے کہ سی پیک منصوبے سب سے شفاف منصوبہ جات ہیں.

مزید : قومی