نوجوان ہمارے ملک کے مستقبل کے محافظ ہیں،عمر فاروق

نوجوان ہمارے ملک کے مستقبل کے محافظ ہیں،عمر فاروق

  



فیصل آباد (آن لائن)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے سپورٹس عمر فاروق نے کہا ہے کہ ملک میں روزگار کی فراہمی کے ہدف کا 60 فیصد پنجاب گروتھ سٹریٹجی 2023 کے تحت پورا کیا جائے گا، اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے بزدار حکومت پوری طرح یکسو اور پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے اپنے حلقہ سے تعلق رکھنے والے صوبہ کی مختلف یونیورسٹیوں سے فارغ تحصیل نوجوانوں اور پی ٹی آئی یوتھ فورس کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ملک عمر فاروق نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کے مستقبل کے محافظ ہیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں معاشرے کے اس اہم حصہ کو شامل کئے بغیر نیا اور باوقار پاکستان  تشکیل نہیں دیا جاسکتا۔ ملک عمر فاروق نے بتایا کہ بزدار حکومت کا ہنرمند نوجوان پروگرام حقیقی معنوں میں نوجوانوں کی معاشی خودمختاری اور قسمت بدلنے والا منصوبہ ہے جو بلاشبہ ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ یوتھ ایمپاورمنٹ پی ٹی آئی حکومت کا وژن ہے اور وزیر اعلی پنجاب نے ہنر مند نوجوان پروگرام کے لئے ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ابتدائی طور پر ڈیڑھ لاکھ نوجوان اس پروگرام سے مستفید ہوں گے جبکہ آئندہ چار سالوں تک نو لاکھ مزید نوجوانوں کو اس میں شامل کیا جائے گا۔ عمر فاروق نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنی تمام تر ذہانتیں اور توانائیاں ملک کی اقتصادی بہتری اور خوشحالی کے کاموں پر مرکوز کریں تاکہ پاکستان کا شمار صحیح معنوں میں مستحکم، باوقار اور ترقی یافتہ قوموں میں ہوسکے۔

 عمر فاروق 

مزید : علاقائی