ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نرسوں کے لئے معلوماتی میگزین کے اجراء کا فیصلہ
لاہور(پ ر)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نرسنگ کمیونٹی کے لئے "جرنل"کے اجراء کا فیصلہ کر لیا گیا، ابتدائی طور پر اس معاملے کا جائزہ لینے اور اسے قابل عمل بنانے کے لئے7رکنی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو نرسز کے لئے ایسے میگزین شائع کرے گی جس میں نرسز کی تعلیم و تربیت و روشن مستقبل کیلئے تمام ضروری معلومات موجود ہوا س امر کا انکشاف پرنسپل پی جی ایم آئی، امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر سردار محمد الفرید ظفر نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے میدان میں نرسنگ انتہائی اہم ترین شعبہ ہے جسے ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جائے تو بے جانہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نرسز کے لئے ریسرچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملنا انتہائی ضروری ہے اور اس"جرنل"کا اجراء اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
پروفیسر محمد الفرید ظفر نے کہا کہ ہمارے نرسنگ کے شعبے کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لئے ایسے اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ نشر و اشاعت کے ذریعے نرسنگ کمیونٹی کو نہ صرف علاج معالجے میں مدد حاصل ہوگی بلکہ اس سے مریضوں کو بھی خاطر خواہ فائدہ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے قائم کردہ کمیٹی تمام پہلوؤں سے جائزہ لے گی اور اس جرنل کو اردو اور انگریزی زبانوں میں شائع کرنے پر غور ہوگا تاکہ نرسنگ کمیونٹی خود اس کے شائع ہونے میں حصہ لے سکے۔پرنسپل نے کہا کہ ایسے اقدامات خوش آئند ہیں جو نرسز کو ایک مثبت اور نمایاں پلیٹ فارم مہیا کریں گے جس سے اُن کا اعتماد بحال ہوگا۔انہوں نے اس"جرنل"کے اجراء میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ خود اس میں ذاتی دلچسپی لیں گے اور کسی قسم کی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔