دینی تعلیم سے دوری کے باعث بے چینی پھیلتی ہے،جاوید قصوری

دینی تعلیم سے دوری کے باعث بے چینی پھیلتی ہے،جاوید قصوری

  



لاہور(سٹی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ دینی تعلیمات سے دور ی کے باعث معاشرے میں بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے، ہمیں بحیثیت مسلمان اپنے کردارو اخلاق پر خصوصی توجہ دینی چاہیے،دین سے دوری کے سبب زوال پذیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کے خصوصی اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ قرآن وسنت کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں رائج کرکے ہی ہم دنیا و آخرت میں حقیقی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ بد قسمتی یہ ہے کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قرآن وسنت کے مطابق کوئی کام نہیں ہورہا۔ ہر شخص وقتی مفادات کی خاطر جدوجہد میں مصروف ہے۔ انگریزوں سے آزادی تو حاصل کر لی مگر72برس گزر چکے ہیں ملک میں عملاً انگریزوں کا قانون ہی رائج ہے۔

ملکی معیشت سودی نظام پر چل رہی ہے۔ تھانوں، کچہریوں اور دیگر اداروں میں رشوت کا بازار گرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش مسائل کا حل صرف اور صرف اسلامی شرعی نظام میں ہی پنہاں ہے۔ کچھ وزیروں کو اسلامی نظریاتی کونسل کھٹکتی ہے وہ ملک کو سیکولر بنانا چاہتے ہیں۔ ان شا ء اللہ ہم انہیں اپنے ایجنڈے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بھارت ہمیں ڈرا دھمکا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا ہوچکی ہے۔ بھارت کے اندر 25کروڑ مسلمانوں کی شہریت منسوخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہندوستان کے آرمی چیف آزاد کشمیر کو اپنا حصہ بنانے کی دھمکیاں دے رہا ہے جبکہ حکومتی اقدامات صرف اور صرف بیانات کی حد تک ہی ہیں۔ دنیا میں کوئی بھی ملک کشمیر ایشور پر حکومت پاکستان کی بات سننے کو تیار نہیں اور جن ممالک نے ہمارا ساتھ دیا وہ ناکام سفارتی حکمت عملی کے باعث ناراض ہوچکے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کا واضح ایجنڈا نہیں ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1