فراہمی آب کے منصوبوں پر زیادہ فنڈخرچ کرینگے،راشد حفیظ

  فراہمی آب کے منصوبوں پر زیادہ فنڈخرچ کرینگے،راشد حفیظ

  



لاہور(سٹی رپورٹر)پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نئے مالی سال میں فراہمی آب کے منصوبوں پر زیادہ فنڈز خرچ کرے گی، راولپنڈی شہر اور کینٹ کی آبادیوں کو پینے کے صاف پانی کی وافر فراہمی کیلئے مقامی سطح پر ٹیوب ویلوں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ 6 ارب روپے کی خطیر رقم سے ددھوچھا ڈیم اور چہان ڈیم کی تعمیر و توسیع سے فراہمی آب کے منصوبے زیر عمل ہیں جن میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور نئی سپلائی لائینوں کی تنصیب بھی شامل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی پی 16 کی یونین کونسل نمبر 13، نیو کٹاریاں میں 70 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے ٹیوب ویل کا افتتاح کرنے کے موقع پر خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کہ حکومت پنجاب وسائل کو انتہائی محتاط طریقے سے اور کرپشن سے بچا کر عوامی بہبود کے کاموں پر خرچ کر رہی ہے۔

آبادی میں اضافے اور پانی کے زیر زمین ذخائر میں کمی کے باعث ملک بھر میں پانی کی قلت کا سامنا ہے. حکومت پنجاب عوام الناس کو پینے کے لئے صاف پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ لوگوں کو اللہ تعالی کی اس بڑی اور بیش بہا نعمت کی قدر کرنا سیکھنی ہوگی اور پانی کی زیاں کو روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عموما سرکاری انتظام کے تحت سپلائی ہونے والی پانی کی بچت پر لوگ توجہ نہیں دیتے اور پانی کی قلت کی وجوہات میں یہ بھی ایک بڑی وجہ ہے اس لئے لوگوں کو چاہیے کہ وہ پانی کو ضائع ہونے سے بچانے اور اس کے بلاوجہ و زیادہ استعمال کو روکنے پر خاص توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ ددھوچھا ڈیم کی تکمیل کے بعد اور چہان ڈیم پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور نئی واٹر سپلائی لائینوں کی تنصیب کے بعد راولپنڈی کے باسیوں کو پینے کا صاف پانی وافر مقدار میں دستیاب ہوگا۔انہوں نے اس موقع پر گلیوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائینہ کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن حد تک وسائل مہیا کرے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...