اتحادیوں میں گلے شکوے معمول، حکو مت کو کوئی خطر ہ نہیں: وفاقی وزراء
لاہور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزراء کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں اتحادیوں سے گلے شکوے اور اختلافات معمول کی بات ہیں ایسا ہوتا رہتاہے۔میڈیا سے گفتگو میں وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کے رکن کے طور پر ان کی مجبوری سمجھ سکتا ہوں، خالد مقبول نے اپنی جماعت کے نام پر ووٹ لیے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ایم کیو ایم کا اپنا نقطہ نظر ہے، کل اسد عمر ایم کیو ایم کی قیادت سے مل رہے ہیں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں جب کہ بلاول کی ایم کیو ایم کو پیشکش بھی کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ ابھی تو اپوزیشن بھی بکھری ہوئی ہے، ہمیں تو سمجھ نہیں آرہی اپوزیشن میں بات کس سے کریں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ میں ہر بندہ وزارت عظمیٰ کا امیدوار ہے۔فواد نے مزید کہاہے کہ پاکستان کے پاس عمران خان کے متبادل کوئی سیاسی قیادت نہیں، حکومت کواس وقت کوئی خطرہ نہیں ہے۔معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ایم کیوایم پاکستان کے تحفظات دورکرے گی، ایم کیوایم ہماری اہم اتحادی جماعت ہے اوررہے گی۔ فردوس نے متحدہ قومی خالد صدیقی کے وزارت چھوڑنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہرجماعت کااپنا نقطہ نظرہوتاہے،خالدمقبول صدیقی نے اپنااستعفیٰ براہ راست حکومت کونہیں بھیجا،وزیراعظم کاوژن ہے کہ کراچی کودنیاکے بہترین شہروں کی طرح سہولیات دینی ہیں،تحریک انصاف ایم کیوایم پاکستان کے تحفظات دورکرے گی، ایم کیوایم ہماری اہم اتحادی جماعت ہے اوررہے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اسد عمر کی قیادت میں (آج) پیر کو وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا، کراچی کو اس کا حق ملنا چاہئے یہ جائز مطالبہ ہے۔ ایم کیو ایم کابینہ کا حصہ ہے معاشی حالات سے واقف ہے۔وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کی اتحادی ہے،شادیانے بجانے والے اپنی فکر کریں،حکومت کو خطر ہ نہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت جانے کے خواب دیکھنے والوں پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتے مگر حکومت کہیں نہیں جا رہی‘حکومت اوراپوزیشن نے مل کر آرمی چیف کی سروسز ایکٹ میں تبدیلی لائی آنیوالے دنوں میں مزید بل منظورکریں گے۔ افکارتازہ فیسٹول کے موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران شفقت محمود نے کہا کہ فیسٹول میں بیرون ملک سے بھی مہمان شریک ہوئے ہیں یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان پرامن ملک بن چکا ہے اور دنیا پاکستان میں آرہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شفقت محمود نے کہا کہ ایم کیوایم ہمارے اتحادی ہیں ان کے تحفظات مل بیٹھ کر دور کر لئے جائیں گے مجھے نہیں معلوم کہ خالدمحمود صدیقی نے کیا بات کی ہے جب بھی اتحادی حکومت بنتی ہے تو اتحادمیں شامل جماعتوں کے تحفظات اور مطالبات بھی ہوتے ہیں اتحادی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں اور اتحادی ساتھ رہے گی۔
وفاقی وزراء