پلانٹ پروٹیکشن کا طیارہ فنی خرابی کے باعث چولستان میں گر کر تباہ، پائلٹ، انجینئر جاں بحق 

  پلانٹ پروٹیکشن کا طیارہ فنی خرابی کے باعث چولستان میں گر کر تباہ، پائلٹ، ...

  



رحیم یار خان، صادق آباد (نمائند ہ پاکستان،تحصیل رپورٹر،نامہ نگار،نمائندہ خصوصی) ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے سپرے کرنے والا فیڈرل ڈیپارٹمنٹ پلانٹ پروٹیکشن کا طیارہ فنی خرابی کے باعث چولستانی علاقہ میں گر کر تباہ ہوگیا،جہاز میں سوار پائلٹ اور انجینئر جاں بحق  ہوگئے۔جاں بحق ہونے والے پائلٹ اور انجینئر کا تعلق راولپنڈی اور کراچی سے تھا‘ دونوں کی نعشیں تدفین کیلئے کارروائی کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل ڈیپارٹمنٹ پلانٹ پروٹیکشن کا فوکر طیارہ جو کہ ضلع میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے سپرے کرنے پر مامور تھا،گذشتہ روزسپرے کرنے کے دوران اچانک فنی خرابی کے باعث چولستانی علاقہ باندھی کے نزدیک ٹلو روڈ چک نمبر215پی میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجہ میں جہاز میں سوار پائلٹ56سالہ شعیب ملک اور 50سالہ انجینئر فواد بٹ جاں بحق ہوگئے‘حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیوٹیمیں اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی‘ جاں بحق ہونے والے پائلٹ اور انجینئر کی نعشوں کو ریسکیو ایمبولنس کے ذریعے شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بعدازاں نعشوں کو تدفین کیلئے آبائی علاقوں راولپنڈی اور کراچی روانہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

 پائلٹ،انجینئر جاں بحق

مزید : صفحہ آخر