بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر ذمہ دارانہ، گر جنے والے برستے نہیں: اعجاز شاہ 

بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر ذمہ دارانہ، گر جنے والے برستے نہیں: اعجاز شاہ 

  



لاہور،ننکانہ صاحب،بچیکی (آئی این پی، نمائندہ خصوصی، نامہ نگار)وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیر(ر)اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے،کہاوت ہے کہ گرجنے والے برستے نہیں۔ملک میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے،امید ہے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کریں گے،کرکٹ میں سیاست کا عمل دخل نہیں ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ 2020حکومت کی تبدیلی نہیں ترقی اور خوشحال کاسال ہے‘خالد مقبول صدیقی کے استعفیٰ سے حکومت کو کوئی خطر ہ نہیں۔ اتحادیوں کے تحفظات ہوتے ہیں جو مل بیٹھ کر حل ہو سکتے ہیں‘.بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان سے ٹال مٹول کر رہی ہے بنگلہ دیش کے پیچھے کن عناصر کا ہاتھ ہے سب جانتے ہیں مجھ سے کیوں کہلوانا چاہتے ہیں۔ لاہور میں پولو میچ میں بطور مہمان خصوصی شر کت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر داخلہ بر یگیڈیر(ر) اعجاز شاہ نے کہا کہ 2020تبدیلی کا نہیں بلکہ ترقی کا سال ہے اورحکومت تمام اتحادیوں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے اور ملک میں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب میں باباگورونانک یونیورسٹی کی تعمیر کا کام بہت جلد شروع ہوجائے گا، یونیورسٹی کی تعمیر کے لئے فنڈز جاری کردئیے گئے ہیں جبکہ اسی ہفتہ ٹینڈر شائع ہوجائے گا جس کے بعد یونیورسٹی کی تعمیر کا کام باقاعدہ طور پر شروع کردیا جائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب ننکانہ صاحب کے سینئر صحافی چوہدری شاہین اقبال غیور سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا،وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ بابا گورونانک یونیورسٹی کے منصوبے پر بہت جلد عملی کام کا آغاز ہو جا ئے گا اور عالمی اہمیت کی حامل اس یونیورسٹی کا کام اگلے تین ماہ میں مکمل کر لیا جا ئے گا،پاکستان خطے میں قیام امن کی کسی بھی کوشش کا خیر مقدم کرے گا اور اس کا لازمی حصہ بنے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ننکانہ صاحب کے قصبہ بچیکی میں فلاحی سکول (لیڈر گرائمر سکول) کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب اور بعد زاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،تقریب کی صدارت سکول کے بانی حاجی چوہدری ذوالفقار علی نے کی،جبکہ تقریب میں سابق ایم پی اے رائے اسلم خاں کھرل،سابق تحصیل ناظم شہزاد خالد المعروف مون خان،ضلعی صدر پی ٹی آئی پیر سرور شاہ،حاجی شوکت علی آرائیں،حاجی محمد حسین،حاجی وحید ہمایوں بھٹی،رائے نواز خاں کھرل سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں،مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان،اساتذہ،والدین اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی اولین حکومتی ترجیحات میں شامل ہے،سابق ادوار میں ہو نے والی کرپشن کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے،انہوں نے کہا کہ صرف ننکانہ صاحب میں پچھلے الیکشن سے قبل دو ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز اراکین اسمبلی کو دیئے گئے،عوام کو ان نمائندوں سے پوچھنا چاہئے کہ وہ فنڈز کہاں استعمال ہو ئے؟ انہوں نے مزید کہا کہ مشکل حالات کے باوجود ننکانہ صاحب میں 80 کروڑ روپے کی گرانٹ سے مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے انشاء اللہ یہ سلسلہ مزید تیز کیا جا ئے گا،اس موقع پر وفاقی وزیر اور دیگر مہمانوں نے پوزیشن حاصل اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے تقریب کے دوران سکول کے بچوں نے علم کی اہمیت اور وطن سے محبت کے اظہار کے لئے مختلف ٹیبلوز پیش کئے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔

اعجازشاہ 

مزید : صفحہ آخر