گجرات، گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6افرا د جھلس کر جاں بحق 

  گجرات، گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6افرا د جھلس کر جاں بحق 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


گجرات(بیورورپورٹ،آئی این پی)تھانہ ککرالی کے گاؤں آچھ گوچھ کے ایک گھر میں قیامت گزر گئی دو خواتین سمیت ایک ہی گھر کے 6افرا دزندہ جل گئے۔ تفصیل کے مطابق گاؤں آچھ گوچھ کی رہائشی بیوہ خاتون نسیم اختر کے گھر لگنے والی آگ نے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔اہل علاقہ نے گھر سے اٹھتا دھواں دیکھ کر اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی ہر ممکنہ کوشش کی مگر تب تک بہت دیر ہو چکی تھی گھر میں موجود نسیم اختر زوجہ امانت علی‘ طیبہ بی بی زوجہ محمد ارشد‘ زوبیہ بی بی زوجہ عمران کالس‘ فیصل ولد امانت علی‘کاشف امانت ولد امانت علی جاں بحق ہو گئے نسیم اختر کی عمر 55سال کے قریب جبکہ دیگر تمام افراد کی عمریں پچیس سے 30سال کے درمیان بیان کی جاتی ہیں ابتدائی طور پر آتشزدگی کا واقعہ شارٹ سرکٹ کا نتیجہ لگتا ہے تاہم گھر کے اندر کوئلے کی انگیٹھی اور سلنڈر بھی موجود پایا گیا ہے۔ زندہ بچ جانیوالا گھر کا اکلوتا فرد متوفیہ کا ایک بیٹا بسلسلہ روزگار یونان میں مقیم ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گاؤں کے سینکڑوں افراد‘ پولیس‘ ریسکیو 1122سمیت دیگر امدادی ٹیمیں اور ذرائع ابلاغ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ متوفیان کے عزیز و اقارب اور رشتہ داروں سمیت اہل دیہہ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ایک ہی گھر سے 6جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔ہر آنکھ اشکبار ہو گئی گاؤں سے ملحقہ قبرستان میں تمام افراد کو سپردخاک کر دیا گیا ہے واقعہ کے محرکات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔
جھلس کر جاں بحق

مزید :

صفحہ آخر -