پاک سعودی تعلقات عوام کی فلاح کا وسیلہ ہیں، سعودی سفیر

پاک سعودی تعلقات عوام کی فلاح کا وسیلہ ہیں، سعودی سفیر

  



اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا  ہے کہ سعودی قیادت پاکستان کیساتھ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، سیاسی، سماجی، معاشی و حکومتی سطح پر دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات قیمتی اثاثہ ہیں، دونوں ممالک کے مابین تعلقات  عوام کی فلاح کا وسیلہ ہیں، دونوں ممالک کے مابین متحرک روابط سے عوام کی فلاح کے مشترک ہدف کے حصول کی راہ ہموار ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کے مابین خصوصی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین کثیرالجہتی تعاون کے حوالے سے امور پر مفصل بات چیت کی گئی۔ سیف اللہ خان نیازی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب گہرے سفارتی و سماجی تعلقات کے حامل ہیں، حرمین شریفین کے باعث سعودی عرب مسلمانان پاکستان کی عقیدت کا محور بھی ہے. ان کا کہنا تھا کہ دہائیوں پر محیط پاک-سعودی تعلقات باہمی تکریم، اعتماد اور بھائی چارے سے مزین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں پاکستانی محنت کش اپنا خون پسینہ ایک کرکے سعودی معیشت میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر  کے  مطابق سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے پاک-سعودی سفارتی  تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کٹھن معاشی حالات میں پاکستان کا ساتھ دینے پر قوم سعودی عرب کی مشکور ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو عوام کی فلاح کا وسیلہ قرار دیتے ہوئے سعودی سفیر جناب نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین متحرک روابط سے عوام کی فلاح کے مشترک ہدف کے حصول کی راہ ہموار ہوگی۔ 

سعودی سفیر

مزید : صفحہ آخر


loading...