حکومت ٹرانسپورٹرز سے کئے گئے وعدے پورے کرے‘ نور مہمند

حکومت ٹرانسپورٹرز سے کئے گئے وعدے پورے کرے‘ نور مہمند

  



 پشاور (سٹی رپورٹر)پشاور کے ٹرانسپورٹروں نے بی آر ٹی منصوبہ پر کام کے آغاز سے قبل حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عدم عملدرآمد کی صورت میں شدید احتجاج کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اپنی گاڑیاں نذر آتش کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن کے صدر خان زمان آفریدی، مزدا ایسوسی ایشن لوکل ٹرانسپورٹ کے صدر فیاض خان خلیل اور متحدہ ٹرانسپورٹ اونر فیڈریشن کے صدر نور محمد مہمند نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ سے قبل سابق حکومت نے ٹرانسپورٹروں سے وعدہ کیا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل ہوتے ہی حکومت تمام پبلک ٹرانسپورٹروں سے پرانی ماڈل کی گاڑیاں خریدے گی اور نئی گاڑیوں کی خریداری میں ان کے ساتھ مالی معاونت کریگی، اس کے علاوہ انہیں بی آر ٹی کی ملازمتوں میں ترجیح دے گی۔ انہوں نیکہا کہ اس سلسلے میں سابق اور موجودہ وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد خان، سابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور اس منصوبے کے لئے مقررہ چیئرمین نے کئی ملاقاتوں میں یہ وعدے کئے تھے اور ہر قسم کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اب اپنے وعدوں سے حکومت مکر رہی ہے جس پر تمام پبلک ٹرانسپورٹرز تنظیموں کا شدید تحفظات ہیں اور اگر حکومت نے ٹرانسپورٹروں سے کئے وعدے پوری نہیں کرائے تو وہ صوبائی اسمبلی کے سامنے اپنی گاڑیاں نذر آتش کرینگے جبکہ اجتماعی خود سوزی بھی کرینگے اس لئے حکومت فوری طور پر ان وعدوں کی تعمیل کرے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر