خالد مقبول صدیقی کو پارٹی کی قیادت چھوڑ دینی چاہئے، ڈاکٹر فاروق ستار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما اور ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی کوپہلے ہی استعفیٰ دے دینا چا ہئے تھا،انہیں اب پارٹی کی قیادت بھی چھوڑ دینی چاہئے، ایم کیو ایم کی ساکھ اب بہت زیادہ خراب ہوگئی ہے، وفاقی وزرا کو کراچی کے مسائل کا ادراک ہی نہیں، موجودہ وفاقی حکومت نے ڈیڑھ سال میں ایک پیسہ بھی کراچی کی ترقی کیلئے اب تک خرچ نہیں کیا، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ۔ہمیں 2018کے الیکشن نتائج کو ہی تسلیم نہیں کرنا چاہیے تھا، کراچی کا مینڈیٹ چوری ہوا، ایم کیوایم پاکستان اپنی ناکامی پر پردہ ڈال رہی ہے۔ ایم کیوایم پاکستان آج اپنی پوزیشن سے بہت نیچے آچکی ہے، ایم کیوایم پاکستان کو کئی ماہ پہلے ہی وفاق کو چھوڑ دینا چاہیے تھا۔ ایم کیوایم پاکستان اور وفاقی حکومت کے پاس کراچی کے مسائل کاحل نہیں ہے، فردوس عاشق اعوان اور دیگر وفاقی وزرا کو بھی کراچی کے مسائل کا ٹھیک سے ادراک نہیں ہے۔