لوکل گورنمنٹ ایکٹ ناکام ہوچکا ہے،فردوس شمیم نقوی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ ناکام ہوچکا ہے،لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کا بل لیکر آرہے ہیں،بل کو اسمبلی میں پیش کرنے سے قبل جی ڈی اے اور ایم کیوایم سے مشاورت کریں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے اتوار کو منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ سے شہری علاقے بری طرح متاثر ہیں۔ جونظام ہم لاناچاہتے ہیں وہ کے پی کے اورپنجاب سے ملتاہوا نظام ہے اس جیسا نہیں، اس نظام میں مئیر کو براہ راست میئر منتخب کریں گے۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ حالات اس بات کی گواہی دیتے ہیں سندھ حکومت شہری مسئلہ حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ پیپلزپارٹی کے پاس بھی یہ بل لے کر جائینگے۔ بل کا مسودہ الائنس کے ساتھ مشاورت کرکے پورا بل اسمبلی میں پیش کرینگے۔ اگر اسمبلی نے بل نہیں منظور کیا تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے لئے تیار ہیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ایم کیوایم کے استعفیٰ پر پیپلز پارٹی بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ایم کیوایم نے احتجاج کا سیاسی اور بہتر طریقہ اختیار کیا ہے۔ کچھ لوگ ایم کیوایم کے اس معاملے کو بانی ایم کیوایم کی پالیسی قرار دے رہے جو غلط ہے۔