گورنرسندھ کی خود سوزی کرنے والے نوجوان کے گھر آمد 

گورنرسندھ کی خود سوزی کرنے والے نوجوان کے گھر آمد 

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر گورنرسندھ عمران اسماعیل کراچی کے علاقہ ابراہیم حیدری میں خودسوزی کرنے والے نوجوان  کے گھر گئے۔ ان کے ہمراہ اراکین صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان اور پاکستان تحریک انصاف کی علاقائی ذمہ دار جمیلہ بلوچ بھی تھیں۔ گورنرسندھ نے بے روزگاری اور مالی تنگ دستی سے مجبور ہو کر خود سوزی کرنے والے نوجوان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ گورنرسندھ نے اہل خانہ کو مالی امداد کا چیک دیتے ہوئے گھر دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ نوجوان کئی عرصہ سے بے روزگار تھا اس نے مالی تنگ دستی کی وجہ سے خودسوزی کا انتہائی افسوسناک فیصلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پرمرحوم کے اہل خانہ کی کفالت کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اس ضمن میں مالی امداد کا چیک مرحوم کے اہل خانہ کو دیا ہے جبکہ نوجوان کے اہلخانہ کے لئے گھر کا انتظام بھی کیا جارہا ہے - انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا احساس پروگرام بیروزگار نوجوانوں کے لئے ہے موجودہ حکومت ایسے افسوسناک واقعات کو روکنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ متحدہ پاکستان سے اتحاد قائم رہے گابحیثیت سیاسی جماعت ان کے کچھ تحفظات ہیں جو جلد ہی دور کرلئے جائیں گے کیونکہ موجودہ حکومت سمجھتی ہے بات چیت سے ہر مسئلہ کا حل نکالا جا سکتا ہے۔

مزید : صفحہ اول