” میری شہزادہ ہیری سے ملاقات ہوئی جس دوران میں پوچھا کہ۔۔“ ناصر خان جان نے ایسی حرکت کر دی کہ سوشل میڈیا پر ہنسی کا طوفان آ گیا

” میری شہزادہ ہیری سے ملاقات ہوئی جس دوران میں پوچھا کہ۔۔“ ناصر خان جان نے ...
” میری شہزادہ ہیری سے ملاقات ہوئی جس دوران میں پوچھا کہ۔۔“ ناصر خان جان نے ایسی حرکت کر دی کہ سوشل میڈیا پر ہنسی کا طوفان آ گیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )سوشل میڈیا پر متنازع شہرت رکھنے والے ناصر خان جان اپنی حرکتوں کے باعث اکثر صارفین کی تنقید کا نشانہ بنتے ہیں تاہم اب انہوں نے ٹویٹر پر ایسی لمبی چھوڑ دی ہے کہ ہر کوئی ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو گیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق آج کل دنیا بھر کے میڈیا کی نظریں برطانیہ کے شاہی محل پر ٹکی ہوئی ہے کیونکہ جب سے میگھن مارکل بیاہ کر آئیں ہیں کچھ نا کچھ نیا سننے کو مل ہی جاتاہے جسے عوامی توجہ حاصل ہوتی ہے ۔خالی میڈیا ہی نہیں بلکہ ناصر خان جان بھی شاہی محل میں چلنے والے معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے ٹویٹر پر شہزادہ ہیری کے ساتھ ہونے والیے ’ اہم ملاقات ‘ کا احوال بھی بیان کیا ہے ۔

یہ تو اب پوری دنیا کو پتا چل چکاہے کہ شہزادہ ہیری نے اپنی شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان کر دیاہے جبکہ میگھن مارکل فلموں کی دنیا میں واپسی کریں گی تاہم دلچسپ امر یہ ہے کہ متنازع سوشل میڈیا سٹار ناصر خان جان نے ٹویٹر پر ایک تصویر جاری کی جس پر انہوں نے شہزادہ ہیری کے ساتھ کھڑے ان کے بھائی شہزادہ ولیم کی تصویر پر ایڈیٹنگ کرتے ہوئے اپنا چہرہ لگایا اور ٹویٹر پر شیئر کر دی۔

اس تصویر کے ساتھ ناصر خان جان نے کیپشن میں ’ لمبی ‘ چھوڑتے ہوئے لکھا کہ ” آج میری ملاقات ہیری سے ہوئی ، ہماری تفصیلی بات چیت ہوئی جس دوران میں نے ان سے پوچھا کہ آپ نے شاہی حیثیت کیوں ترک کر دی ہے ؟ انہوں نے جواب دیا کہ ” دیکھ ناصر ہم بچپن کے دوست ہیں ، تو دنیا کا مشہور سٹار بن گیاہے اور میں شاہی خاندان میں ہو کر بھی تجھ جتنی شہرت نہ کما سکا اس لیے میں نے اب تجھ جیسا بننے کی ٹھان لی ہے ۔“

ناصر خان جان کی ٹویٹ پر صارفین کا مضحکہ خیز رد عمل بھی سامنے آ رہاہے ، فہد نامی صارف کا کہناتھا کہ ” سر آپ کی پر اعتمادی کے لیول کی بھی انتہا ہے ۔“

ان صارف نے تو حد ہی کر دی اور ملکہ برطانیہ کو ناصر خان جان کو گود لینے کا مشورہ ہی دے ڈالا ، صارف نے لکھا کہ ” اور ملکہ کو چاہیے کہ ہیری کی جگہ وہ آپ کو بطور پوتا گود لے لیں ۔“

حذیفہ نامی صارف نے ناصر خان جان سے ٹپس مانگتے ہوئے لکھا کہ ” بھائی کیسے کر لیتے ہویہ سب ، کوئی ٹپس ہی دے دو ؟“

بابر نامی صارف کا کہناتھا کہ ” پرنس ہیری آپ کو مات نہیں دے سکتا ، میرا یقین کرو ۔“

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ناصر خان جان نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی تھی جہاں انہیں اینکر کی جانب سے دبے لفظوں میں تضحیک کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا اور بعد ازاں اینکر نے معافی مانگی اور ناصر خان جان نے انہیں معاف بھی کر دیا تھا ۔

مزید : ڈیلی بائیٹس