حکومت ایم کیو ایم کی شکرگزار ہے ، معاون خصوصی اطلاعات
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ حکومت ایم کیوایم کی شکر گزار ہے ، بغلیں بجانے والوں کومایوسی ہوئی ، شادیانے بجانے والوں کے جذبات پر اوس پڑی ہوئی ہے ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت ایم کیو ایم کی شکرگزار ہے ، بغلیں بجانے والوں کو مایوسی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیگانی شادی میں بھڑکیں مارنے والوں کے جذبات پر اوس پڑ ی ہوئی ہے ، اسد عمر کی قیادت میں وفد نے ایم کیو ایم سے ملاقات کی ہے ، عوام کی توقعات اور وزیر اعظم کی ترجیحات پر بات ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ویژن 2020کاحصہ رہے گی۔ ایم کیو ایم ملکی ترقی اوراستحکام کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ ہے ۔انہوں نے کہا حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر مسائل حل کرے گی ۔ووٹ کوعزت دو کا نعرہ لگانے والے ہوٹلوں میں میٹنگز کررہے ہیں۔ن لیگ کی بیمار قیادت ہسپتال کی بجائے گھر میں مقیم ہے۔عوام نواز شریف کی صحت سے متعلق فکرمند ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ رانا ثناءاللہ اپنے مقدمے کو سیاسی اور مذہبی رنگ دینے کیلئے زور لگارہے ہیں، رانا ثناءاللہ کی ابھی ضمانت ہوئی ہے ، کیس ختم نہیں ہوا۔راناثناءاللہ اپنی قیادت کاغصہ حکومت پر نکال رہے ہیں۔