”ہم اتنے نا اہل ہیں کہ ہم کو آج تک یہ پتہ نہیں چلا کہ یہ چیز غیر آئینی تھی “تجزیہ کارحفیظ اللہ نیاز ی بھڑک اٹھے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی نے کہاہے کہ ہم اتنے نا اہل لوگ ہیں کہ ہم کو آج تک یہ پتہ نہیں چلا کہ خصوصی عدالت غیر آئینی عدالت ہے ، قوم کی کثیر تعداد ججوں کو بڑے احترام سے دیکھتی ہے، پاکستان کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا گیا ہے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں گفتگو کرتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ ہائیکورٹ کی عدالت کے فیصلے سے پہلے یہ دیکھنا ہے کہ یہ مقدمہ چار سال تک چلتا رہا لیکن اس پر کیا یہ سو رہے تھے ؟ کبھی کہا جاتا تھا کہ پرویز مشرف بیمار ہیں ، ان کی کمر میں تکلیف ہورہی ہے اور کبھی وہ پارٹی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اتنے نا اہل لوگ ہیں کہ ہم کو آج تک یہ پتہ نہیں چلا کہ یہ خصوصی عدالت غیر آئینی عدالت ہے ۔
حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھاکہ قوم کی کثیر تعداد ججوں کو بڑے احترام سے دیکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے پاکستان کے ساتھ آ ج بھونڈا مذاق کیا ہے ، عمران خان کا اپنا بیانیہ کیا تھا ؟ ایران نے قاسم سلیمانی کے ساتھ کیا سلوک کیاہے اور پرویز مشرف نے ڈاکٹر عبد القدیر سے معافی منگوائی تھی جوقومی ہیرو ہیں۔