یوکرینی طیارہ تباہ کرنے پر ایران میں حکومت مخالف مظاہرے جاری
تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن ) یوکرین کے مسافر طیارے کو میزائل سے تباہ کرنے کے خلاف ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے اور مظاہرین واقعے کے ذمہ داروں کو سزا سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے حکومت مخالف نعرے لگائے گئے جب کہ اس دوران سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں جس میں فورسز کی جانب سے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔
خیال رہے کہ یوکرین کا بوئنگ 737 طیارہ 8 جنوری کو ایران کے امام خمینی ائیرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد تباہ ہو گیا تھا جس میں عملے سمیت 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس میں 82 ایرانی شہری بھی شامل تھے۔بعد ازاں ایران نے متعدد بار انکار کے بعد اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ طیارے کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا۔