عوام کو سبسڈائزڈ آٹا فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،میاں خلیق الرحمان
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ صوبے کے دور دراز اضلاع میں سبسڈائزڈ آٹا پہنچانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ صوبے کے ہر ویلج کونسل کو آٹے کی فراہمی اور اس کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ آٹے پر کسی کو سیاست یا تجارت نہیں کرنے دی جائیگی۔ غفلت اور کوتاہی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔ محکمہ خوراک کے بد عنوان عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ عوامی مفاد اولین ترجیح ہے۔ عوام کو ریلیف نہ پہنچانے والے اہلکاروں کو فارغ کردیا جائیگا۔عوام کومعیاری آٹا نہ دینے والے فلور ملز کا کوٹہ منسوخ کرکے ان کو بند کردیا جائیگا۔ اپوزیشن کی تحریک کا محور صرف اور صرف ذاتی مفاد ہے۔وزیر اعظم عمران خان عوام کے منتخب وزیر اعظم ہے موجودہ حکومت کرپشن اور بد عنوانی کے خلاف جہاد کر رہی ہے۔ ایک دوسرے کو چور کہنے والے آج ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہوکراپنی صفائیاں دے رہے ہیں۔ عوام کے سامنے پی ڈی ایم کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔ اداروں کو مذاق بنانے والے پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ کبھی مخلص نہیں ہو سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر بالا سمیت دیگر علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر مشیر خوراک میاں خلیق الرحمن نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو سبسڈائزڈ نرخوں پر وافر مقدار میں آٹا مہیا کر رہی ہے۔صوبے میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے۔ صوبے کے تمام اضلاع اور ضم شدہ اضلاع کے ہر ویلج کونسل کو سرکاری نرخ پر عوام کو سبسڈائزڈ آٹا مہیا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک میں سزا اور جزا کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ عوام کو ریلیف نہ پہنچانے والے اور غیر معیاری آٹا بنانے والے فلور ملز کے خلاف سخت ایکشن کے لئے محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ بد عنوان عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ آٹے کی تقسیم کے عمل اور فلور ملز کی کڑی نگرانی کریں اور بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کاروائی کریں انہوں نے افسران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں میں غفلت یا بدعنوانی پائی گئی تو ضلع کے متعلقہ افسران کو معطل کرکے ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی کے اس مرحلے میں تمام تر توجہ عوام کو ریلیف پہنچانے پر مرکوز کریں۔ انہوں نے صوبے کے منتخب ممبران اسمبلی سے اپیل کی کہ اپنے حلقے میں سبسڈائزڈ آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ خوراک کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔انہوں نے اپوزیشن کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا اصل مقصد ذاتی مفاد اور موجودہ حکومت کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنا ہے۔ جس میں وہ مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں۔ اپوزیشن اقتدار کے ہوس میں اندھی ہوکر ملکی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہی ہے۔ جس کا فائدہ ملک دشمن عناصر اٹھا رہے ہیں