پنجاب کے تمام خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ کی فراہمی یقینی بنائینگے: یاسمین راشد
لاہور (جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت ڈ اکٹر یاسمین راشدنے کہاہے کہ حکومت نے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے جس کے تحت پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کا گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان میں روڈ شو کا انعقاد کیاگیا ہے۔دسمبر 2021ء تک پنجاب کے تمام 2کروڑ 22لاکھ خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ تقسیم کر دیئے جائیں گے۔ صحت کے شعبہ میں نجی سیکٹر کو بھی قرضوں کی صورت میں مراعات دی جائیں گی۔نوازشریف کو حکومت نے نہیں بلکہ عدالت نے مفرور قرار دیا ہے۔ نوازشریف کو اپنے وعدہ کے مطابق وطن واپس آکر پاکستانی عدالتوں کا سامنا کرنا اور اپنی سزا بھگتنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان میں پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے روڈشو میں بطور مہمان خصوصی تقریب کے شرکاء اور میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سپیشلائیزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹر نبیل اعوان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان، سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی، ایم ڈی پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر کرن خورشید، اراکین پنجاب اسمبلی قاسم خان، واصف مظہر، محمد سلیم، طارق عبداللہ، اعجاز حسین جنجوعہ، میاں طارق، چیئرمین پی ایچ اے ملتان اور پروفیسر جاوید چوہدری کے علاوہ شرکاء کی کثیرتعداد موجود تھی۔ انہوں نے اس موقع پر مزیدکہاکہ رواں سال کے مالی بجٹ کے اختتام تک دو ڈویژنز ساہیوال اور ڈی جی خان کے تمام خاندانوں میں صحت سہولت کارڈ تقسیم کر دیئے جائیں گے اور اب تک ان دونوں ڈویژنز میں 42فیصد صحت سہولت کارڈ تقسیم کئے جاچکے ہیں۔پرائیویٹ سیکٹر میں صحت سہولیات کی دستیابی کیلئے 40ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ڈی جی خان میں جدید ترین کارڈیالوجی ہسپتال قائم کیاجا رہا ہے۔پنجاب کے ہر شہری کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری اوراولین ترجیح ہے۔باقی صوبوں کے باعث پنجاب میں کورونا وائرس کی صورتحال بہت بہتر رہی ہے جس کی بنیادی وجہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور بستروں سمیت تمام وسائل میں اضافہ کرنا ہے۔وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبہ کے عوام کو صحت کے شعبہ میں بہتر سہولیات دینا چاہتے ہیں۔نشترIIملتان، کارڈیالوجی ہسپتال ڈیرہ غازی خان، راجن پور 200بستروں کا ہسپتال اور بہاولنگر میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال پر تیزی سے کام جاری ہے۔پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے تحت کامیاب روڈشو کے انعقاد پر ایم ڈی ڈاکٹر کرن خورشید کو شاباش اور مبارکباد دیتی ہوں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے تین بار وزیراعظم بننے والے نوازشریف کو ہم نے نہیں عدالتوں نے مفرور قرار دیا ہے ان کو اپناوعدہ پورا کرکے وطن واپس آکر پاکستانی عدالتوں کا سامنا کرنا چاہیے اور اپنی سزا بھگتنا چاہیے۔
صوبائی وزیر صحت