وزیر خارجہ آذربائیجان کی آج آمد سہ ملکی اجلاس میں شریک ہونگے
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے،انہیں اس دورے کی دعوت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دی تھی، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2010 کے بعد آزربائیجان کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ پہلا دوطرفہ دورہ ہوگا،دونوں وزرا خارجہ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے اور دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں پر بات چیت کریں گے،نئے سال کے آغاز میں ہونے والے اس دورہ سے مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی گفتگو کی جائے گی،
دوسری جانب پاکستان، ترکی اور آزربائیجان کے وزراء خارجہ کا پاکستان، ترکی، آزربائیجان دوسرا سہہ ملکی اجلاس (آج)مورخہ تیرہ جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔تینوں ممالک عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے جن میں خطے میں امن وسلامتی کے ابھرتے ہوئے خطرات، کورونا عالمی وبا سے درپیش مسائل، ماحولیات اور ماحولیاتی تغیر کے علاوہ معاشی ترقی کے اہداف کا حصول شامل ہیں۔ تینوں وزرا خارجہ باہمی مفاد کے تمام شعبہ جات میں سہہ ملکی تعاون میں گہرائی لانے کے امکانات بھی تلاش کریں گے جن میں امن وسلامتی، تجارت وسرمایہ کاری، سائنس وٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافتی تعاون شامل ہے۔ پاکستان،آزربائیجان اور ترکی کے درمیان مشترک عقیدے، اقدار، ثقافت اور تاریخ پرمبنی قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں جو باہمی اعتماد اور ہم آہنگی سے عبارت ہیں۔
آذربائیجان