پی ڈی ایم والے سجدہ ریز ہوں یا ٹکریں ماریں ان کو کچھ نہیں ملے گا: فردوس عاشق

پی ڈی ایم والے سجدہ ریز ہوں یا ٹکریں ماریں ان کو کچھ نہیں ملے گا: فردوس عاشق

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)در بدر کی ٹھوکریں  اور مایوسی اپوزیشن کے مقدر میں ہیں۔ اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کی پرواہ کئے بغیر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت اپنا کام کرتی رہے گی۔مولانا فضل الرحمان اور پی ڈی ایم کے بیانیے میں تضاد پوری دنیا  نے دیکھ لیا۔ جس الیکشن کمیشن کو  اپوزیشن والے مانتے نہیں اس کے زیر انتظام ضمنی الیکشن میں حصہ لینے  کیلئے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم والے  سجدہ ریز ہوں یا ٹکریں ماریں  ان کوکچھ نہیں ملے گا۔جلسوں میں حکومت کے مورچوں پر فائرنگ کرنے والوں کی آواز بچوں پر تشدد کی روک تھام کیلئے بھی بلند ہونی چاہئے۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  بچوں پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی واک  میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر یہ آگاہی مہم  نا انصافی،سماجی نا ہمواری اور عدم مساوات   کے خلاف  شعور اجاگر کرنے کیلئے منعقد کی گئی ہے۔ سڑکوں پر بھیک مانگتے  ننھے  پھول  بھی اس قوم کے بچے ہیں۔ ان بچوں کے بہتر  مستقبل  کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرناہے۔تحریک انصاف نے معصوم بچوں کو قانونی تحفظ مہیا کیا۔گھریلو ملازمین سے متعلق 2019کے قانون میں 15سال سے کم عمر بچوں سے کام کروانا جرم ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا احساس پروگرام  انکے دکھی انسانیت  سے جڑے  احساس  کے رشتے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔  انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو حکومت  کا بازو بن کر بے سہارا بچوں کی فلاح کے لیے کام کر رہا ہے۔نظام تب تک نہیں بدل سکتا جب تک رویے نہ بدلیں۔آگاہی  واک میں چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو  سارہ احمد،  وزیر محکمہ انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹن  سمیت  بورڑ آف گورنرز کے ممبران، ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو، این جی اوز کے نمائندوں،سول سوسائٹی کے افراد اور دیگر نے بھی  شرکت کی۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر،ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب اشفاق خان، اے آئی جی پنجاب، ایس پی ڈولفن راشد ہدایت نے بھی مہم میں خصوصی شرکت کی۔  بعد ازاں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے لاہور کے  دورے پر آئے ہوئے گلگت پریس کلب کے وفد  نے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گلگت  بلتستان کے حالیہ الیکشن میں عوام کو تقسیم کرنے کی اپوزیشن کی چال ناکام ہوئی۔سی پیک گلگت  بلتستان کے لوگوں کی ترقی کی کنجی ہے۔وزیراعظم عمران خان پورے پاکستان میں یکساں ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔ترقی کے ثمرات سے  گلگت  بلتستان کے عوام کو بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

فردوس عاشق

مزید :

صفحہ اول -