فیصل بینک نے بیسٹ ایمر جنگ بینک کا ایوارڈ جیت لیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے صف اول کے کمرشل اور اسلامی بینک فیصل بینک لمیٹیڈ کو جمعہ کو کراچی میں منعقدہ پانچویں پاکستان بینکنگ ایوارڈ کی تقریب میں ”Best Emerging Bank 2020“ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔پاکستان بینکنگ ایوارڈ کی تقریب مالیاتی شعبے میں ایک انتہائی اہم مقام رکھتی ہے۔ بینکنگ کی مہارت میں حتمی معیار تصور کیے جانے والے ان ایوارڈز کو سالانہ بنیادوں پر انسٹیٹیوٹ آف بینکرز پاکستان، ڈان میڈیا گروپ اور اے ایف فرگیوسن اینڈ کو کے اشتراک سے منعقد کیا جاتا ہے تاکہ ملکی معیشت میں پاکستان کی کاروباری اور مالیاتی برادری کے کردار کو سراہا اور تسلیم کیا جائے۔اسلامی بینکنگ پراڈکٹس اور سروسز کی مکمل رینج پیش کرنے والے پاکستان میں تیزی سے ترقی کرتے اسلامی بینک کی حیثیت سے فیصل بینک پاکستان کی بینکنگ کی صنعت میں اہم کھلاڑی بن کر سامنے آیا ہے۔ بینک نے ہمیشہ جدت طرازی اور ٹیکنالوجی کو ترقی کا اہم ستون سمجھتے ہوئے مہارت کے حسول کی کوشش کی ہے۔ پچھلے کچھ سالوں سے، فیصل بینک ایک تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے اور 576 شاخوں کے نیٹ ورک میں سے 500 کو اسلامی برانچوں میں منتقل کرنے کا سنگ میل کامیابی کے ساتھ حاصل کر چکا ہے۔