ٹی پی ایل کارپ کو ٹی پی ایل پراپرٹیزمیں اضافی اسٹیک حاصل
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی معروف ٹیک کمپنی ٹی پی ایل کارپ نے اپنی رئیل اسٹیٹ پراپرٹی ڈیولپمنٹ کمپنی ٹی پی ایل پراپرٹیزمیں اضافی شئیرز کرلیے ہیں۔ جس کے بعد 51% شئیرز سے ٹی پی ایل کارپ نے اکثریتی حصہ داری حاصل کرلی ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دیے گئے نوٹس کے مطابق ٹی پی ایل کارپ نے الفا بیٹا کپیٹل مارکیٹ سے 12 روپے فی شیئر کی قیمت پر ایک کروڑ ستر لاکھ شیئرز حاصل کیے ہیں۔ یہ اعلان ٹی پی ایل پراپرٹیز کے جون 2016 میں کی گئی اولین عوامی پیش کش کے چار سال بعد کیا گیا ہے۔2007 میں اپنے قیام سے اب تک ٹی پی ایل پراپرٹیز تجارتی اور رہائشی اثاثہ جات کی لیز، تعمیراور خرید و فروخت کے کام میں سر گرم ہے۔ کمپنی کے متعدد ترقیاتی منصوبے اس وقت بھی تیزی سے تکمیل کی جانب رواں دواں ہیں۔ ٹی پی ایل پراپرٹیز کے صف اول پروجیکٹ سینٹر پوائنٹ کی فروخت سے کمپنی نے نہ صرف قابل تقسیم منافع حاصل کیا بلکہ سرمایہ کاری کی نئی راہیں بھی کھولیں۔ کمپنی کے اولین فلک بوس رہائشی منصوبے ون ہوشانگ (ایل ای ای ڈی گولڈ ٹارگیٹنگ پراجیکٹ) میں کام جاری ہے۔ سندھ کا پہلا ٹیکنالوجی پارک بھی کمپنی کی منصوبہ ساز ی کے ذریعے جلد شر وع ہو جائے گاجس میں بہترین آئی ٹی انفراسٹرکچر کے ساتھ عالمی معیار کی کمپنیوں کوجدید اوربہترین سہولیات کے ساتھ جدت اور تعاون سے بھرپور ماحول میسر آئے گا۔