بجلی بریک ڈاؤن کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، سید ناصر شاہ 

  بجلی بریک ڈاؤن کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، سید ناصر شاہ 

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ این آئی وی سی ڈی جیسے اداروں کو بدنام کیا جارہا ہے، بریک ڈاؤن کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، لانگ مارچ میں چائے بھی پئیں گے اور پیزا بھی کھائیں گے۔منگل کوسندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کافی عرصہ سے جو اسپتال بہت اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے وفاق نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ ان کی کارکردگی سندھ حکومت کی سپورٹ کی وجہ سے تھی۔انہوں نے کہا کہ این آئی وی سی ڈی جیسے اداروں کو بدنام کیا جارہا ہے۔ بے ضابطگیوں کی انکوائری ہونی چاہئے۔ ان اسپتالوں کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ پورے صوبے اور پورے ملک سمیت بیرون ملک کے لوگ علاج کی غرض سے یہاں آتے ہیں۔ ان کارکردگی خراب سے خراب تک ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت پورے پاکستان میں این آئی سی وی ڈی جیسا کوئی ایک ادارہ دکھادے۔ ان کی حرکتوں سے لگ رہا ہے کہ یہ گمبٹ اسپتال بھی لیں گے۔این آئی سی وی ڈی نے لاکھوں کے علاج مفت کئے۔ ناصر شاہ نے کہاکہ ان کا بس نہیں چلتا، ورنہ ادیب رضوی سے ایس آئی یو ٹی بھی لے لیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت کی کارکردگی اتنی بہتر ہے تو یہ بلیک آؤٹ ہوتا؟ گدو بیراج کا بریک ڈاؤن پورے ملک تک کیسے پہنچا، تحقیقات ہونی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ  پی ٹی آئی کے ڈرامے اب زیادہ نہیں چل سکتے۔ بریک ڈاؤن کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔ناصر حسین شاہ نے کہاکہ آصف زرداری کی طبیعت ناساز ہے، انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی ہر شعبے میں کارکردگی صفر ہے۔ پی ٹی آئی والے صرف باتوں کے چیمپئن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس خوش آئند تھی۔ چائے پانی پلانے کی حوالے سے ان کی مہربانی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی واضح کرچکے ہیں کہ لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف ہوگا۔ چائے بھی پئیں گے اور پیزا بھی کھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ نے شعبہ زراعت کیلئے بہت کام کیا ہے۔ اسماعیل راہو زراعت سے متعلق کام کررہے ہیں۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد بھی فوڈ کے معاملات میں وفاق کی مداخلت جاری ہے۔ جب سندھ میں ٹماٹر، پیاز، گندم سمیت اپنی اجناس مارکیٹ میں آتی ہیں، تو باہر سے منگوانا سندھ کے کاشتکاروں کے ساتھ زیادتی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -