سندھ کے عوام اور صنعتوں کو گیس نہیں دی جا رہی: مرتضی وہاب

سندھ کے عوام اور صنعتوں کو گیس نہیں دی جا رہی: مرتضی وہاب

  

 کراچی (اسٹاف رپورٹر)ترجمان حکومت سندھ مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے برملا اعلان کردیا ہے کہ ترقیاتی کام نہیں ہوسکتے، سندھ میں صنعتوں اور عوام کو گیس نہیں مل رہی۔منگل کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکومت اور اسمبلیوں کا بنیادی کام قانون سازی کرنا ہوتا ہے۔ وفاق میں صرف آرڈیننس کی حکومت قائم ہے۔ سندھ حکومت عوامی مسائل پر حقیقی قانون سازی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے برملا اعلان کردیا ہے کہ ترقیاتی کام نہیں ہوسکتے۔ وزیراعظم سندھ کے این ایف سی میں کٹوتی کررہے ہیں۔ سندھ کے آئینی و قانونی حقوق نہیں دیئے جارہے، سندھ میں صنعتوں اور گھریلو صارفین کو گیس نہیں مل رہی۔ مشکل وقت میں عوام اور صوبے کے صنعتکاروں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسد عمر نے اسٹیل مل کے ملازمین کے ساتھ کھڑے ہونے کا وعدہ کیا تھا۔ اسد عمر تبدیلی کے بڑے بڑے وعدے کرتے ہیں، انہوں نے اپنا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کیا۔مرتضی وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت 2019 میں اسپتالوں کو صوبائی حکومت کے حوالے کرچکی ہے۔ سندھ کے 3 بڑے اسپتالوں کے اخراجات سندھ حکومت پورے کررہی ہے۔ این آئی سی ایچ، این آئی سی وی ڈی اور جناح کے اخراجات ہم پورے کرررہے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -