نیب میرے حوالے کر یں چوبیس گھنٹوں میں آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنا دونگا،احسن اقبال

  نیب میرے حوالے کر یں چوبیس گھنٹوں میں آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(این این آئی)سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیب میرے حوالے کر دیں چوبیس گھنٹوں میں آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنا کر دکھاؤنگا،پی ڈی ایم اتحاد سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیتا تو حکمران جماعت کو دو تہائی اکثریت مل جائے گی، دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکمران جماعت آئین کا حلیہ بگاڑ سکتے ہیں، 18 ترمیم کو بھی تبدیل کر سکتے ہیں، ہم ایسا نہیں ہو نے دینگے، لانگ مارچ کے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے تو پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں مل سکے گی،سب سے پہلے بھاگنے والا بندہ شہزاد اکبر ہوگا،عمران نیازی کو بھی بھاگنے نہیں دیا جائے گا، اس پر غداری کا مقدمہ چلے گا۔ منگل کو احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاکہ یہ حکومت پاکستان تحریک انصاف کی نہیں، پاکستان تحریک جھوٹ کی حکومت ہے، لوگوں کو جیل میں ڈال کر ان کی کردار کشی کی جاتی ہے، ڈیڑھ سال پہلے مجھ پر الزام لگایا کہ 70 ارب روپے کمیشن کھائی، آج تک یہ اس پر جے آئی ٹی نہ بنا سکے۔ انہوں نے کہاکہ ملتان سکھر موٹر وے چین کی حکومت نے بنائی ہے، پاکستان کا پیسہ خرچ نہیں ہوا، آپ ہمارے دوست ملک چین پر الزام لگا رہے ہیں جس نے پاکستان کا ہاتھ پکڑا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اندر آپ کے وزیر چین کی حکومت پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج سی پیک سٹاپ ہو چکا ہے، یہ پاک چین تعلقات اور دوستی کو سبوتاژکر رہے ہیں، میرے ہاتھوں سے 32 سو ارب روپے نکلے ہیں پلاننگ منسٹری میں، 32 روپے کی کرپشن ثابت کرو، جن لوگوں نے محنت، دیانت داری سے ملک چلایا ان کیخلاف مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ احسن اقبال ٰنے کہاکہ ہم نے منصوبوں کی لاگت میں کمی کر کے پاکستان کا پیسہ بچایا ہے، ریفرنس میں لکھا گیا کہ اسپورٹس کمپلیکس کی سہولت پاکستان میں کہیں نہیں تھی، آپ نے کیوں بنا دی؟ نارووال کوئی اسرائیل میں ہے؟یہ جرم نہیں ہے، یہ جرم بار بار کروں گا، دوبارہ موقع ملا تو ملک کے دیگر حصوں میں بھی سپورٹس کمپلیکس بنائیں گے،وزیر اعظم کہتے ہیں ڈویلپمنٹ کیلئے کوئی بجٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ میرے حوالے نیب کریں، پاکستان کے جس جنرل، جج، بیوروکریٹ، صحافی کو کہیں گے اس کیخلاف 24 گھنٹوں میں آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنا کر دکھا دوں گاانہوں نے کہاکہ کہاں ہے وہ ملتان سکھر موٹر وے 70 ارب کا کیس جس سے آپ نے میری کردار کشی کی؟، پاکستان کی تمام یونیورسٹیز کے بجٹ کاٹ دیئے گئے ہیں، حکومت نے یونیورسٹیز کو بیمار کردیا ہے، تقریریں یہ بڑی بڑی کرتے ہیں، انکو ملک چلانا نہیں، ملک اجاڑنا آتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیتا تو حکمران جماعت کو دو تہائی اکثریت مل جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کا مقصد آئین پاکستان کا تحفظ ہے، دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکمران جماعت آئین کا حلیہ بگاڑ سکتے ہیں، 18 ترمیم کو تبدیل کر سکتے ہیں، ہم ایسا نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہاکہ لانگ مارچ پر پوری پی ڈی ایم متفق ہے، استعفوں پر بھی پی ڈی ایم کی تمام لیڈرشپ متفق ہے، جب لانگ مارچ کے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے تو یہاں پاؤں رکھنے کی جگہ نہ ہوگی۔  گا، جب بھی حکومت گری، سب سے پہلے بھاگنے والا بندہ شہزاد اکبر ہوگا،عمران نیازی کو بھی بھاگنے نہیں دیا جائے گا، اس پر غداری کا مقدمہ چلے گا۔سابق وزیر احسن اقبال نے نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس میں نئے وکیل ذوالفقار عباس نقوی کی خدمات حاصل کر لیں۔ وکیل احسن اقبال نے کہاکہ میں نے ابھی ہی وکالت نامہ جمع کرایا ہے ریفرنس پڑھنے کا وقت دیں، عدالت نے ریفرنس پر سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔

مزید :

صفحہ اول -