ترک وزیر خارجہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ، دو طرفہ کثیر الجہتی تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال 

ترک وزیر خارجہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ، دو طرفہ کثیر الجہتی تعلقات سمیت ...
ترک وزیر خارجہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ، دو طرفہ کثیر الجہتی تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )ترک وزیر خارجہ نے  شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کی ہے جس دوران دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات ،اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکی کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل کے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا ،دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکی کے مابین 71 نقاطی اسٹریٹیجک اکنامک فریم ورک پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

وزیر خارجہ نے ترک ہم منصب کو بھارتی قابض افواج کی جانب سے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کی غیر متزلزل حمایت پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں اور ان کے ثمرات سے ترک وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی، ای سی او سمیت بین الاقوامی سطح پر دونوں ممالک کے مابین نقطہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ۔

دونوں وزرائے خارجہ نے عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے ترکی کے مختلف امور پر پاکستان کی حمایت اور معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

قومی -